0
Thursday 15 Oct 2015 21:22

گوادر اور چاہ بہار دونوں ہماری بندرگاہیں ہیں، محمد خان اچکزئی

گوادر اور چاہ بہار دونوں ہماری بندرگاہیں ہیں، محمد خان اچکزئی
اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ گوادر اور چاہ بہار دونوں ہماری اپنی بندر گاہیں ہیں اور دونوں کی ترقی ایک دوسرے کے لئے معاون و مددگار ہوگی۔ ایران کے ساتھ ہمارے دیرینہ قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، تاہم دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی اشد ضرورت اور گنجائش بھی ہے۔ ملاقات کے دوران علاقے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی کاوشوں اور موثر اقدامات کے نتیجے میں بلوچستان سے ایران جانے والے زائرین کے سفر کو محفوظ بنانے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ جس میں ایرانی حکومت کا تعاون قابل قدر ہے۔ گورنر نے مشترکہ سرحد کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میں مزید وسعت اور بہتری کی ضرورت ہے۔

انہوں نے گوادر کی ترقی کے حوالے سے کہا کہ اس اہم آبی گزرگاہ سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے ایسی حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔ جس کے نتیجے میں نہ صرف گوادر اور پاکستان دیگر علاقوں کی معاشی زندگی میں انقلاب برپا ہوگا، بلکہ وسط ایشیاء 4 سمیت پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے سانحہ منٰی میں ایرانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے ایران جانے والے زائرین کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایران بلوچستان سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دینے اور کوئٹہ شہر کو ماڈل سٹی بنانے کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔ گورنر بلوچستان نے بردار ملک ایران کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے اظہار کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 491439
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش