QR CodeQR Code

آئین کسی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ غریب کو کمتر یا حقیر سمجھے اور اس کے حصہ کی خوشیوں کو بھی خود ہڑپ کرجائے، سراج الحق

16 Oct 2015 17:00

اسلام ٹائمز: منصورہ میں کسان بورڈ پاکستان کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کو جب پکڑا جاتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے اور'' مفاہمت'' کی پالیسی کو ٹھیس پہنچتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست اور جمہوریت کا محور اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ ہے۔ سیاست کو محض پیسہ کمانے کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔ غریب صرف اس تماشے کو دیکھ سکتا ہے اس میں حصہ نہیں لے سکتا۔ اس جمہوری تماشے کا بنیادی مقصد اکثریت سے مال لیکر چند گھرانوں کو نوازنا ہے۔ عوام کا کام صرف ٹیکس اور بجلی کے بل دینا رہ گیا ہے۔ ٹیکس دینے والے فاقہ کشی پر مجبور ہیں جبکہ ان ٹیکسوں پر پلنے والے عیش و عشرت کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اسٹیٹس کو''کی حامی قوتیں عوام کو اپنا غلام بنا کر رکھنا چاہتی ہیں اور عام آدمی کو آگے آنے کو موقع دینے کو تیار نہیں۔ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کو جب پکڑا جاتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے اور'' مفاہمت'' کی پالیسی کو ٹھیس پہنچتی ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب اور کسان بورڈ پاکستان کے صدر صادق خان خاکوانی کے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار کے ایوانوں کو عام آدمی کیلئے کھولنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ جب تک عام آدمی کو ان وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے برابر حقوق نہیں ملتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کسی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ غریب کو کمتر یا حقیر سمجھے اور اس کے حصہ کی خوشیوں کو بھی خود ہڑپ کر جائے۔


خبر کا کوڈ: 491597

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/491597/آئین-کسی-کو-یہ-اجازت-نہیں-دیتا-کہ-وہ-غریب-کمتر-یا-حقیر-سمجھے-اور-اس-کے-حصہ-کی-خوشیوں-بھی-خود-ہڑپ-کرجائے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org