0
Friday 16 Oct 2015 16:52

دہشتگردوں کو ہتھیاروں کی فراہمی عالمی سلامتی کی نابودی کے مترادف ہے، بشار الجعفری

دہشتگردوں کو ہتھیاروں کی فراہمی عالمی سلامتی کی نابودی کے مترادف ہے، بشار الجعفری
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے بشار الجعفری نے دہشت گردوں کو اسلحہ کی فراہمی کو عالمی امن و سلامتی کی نابودی کے مترادف قرار دیا ہے۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بشار الجعفری نے کہا ہے کہ اسلحہ کی اسمگلنگ کی تحقیقات سے اس بات کی نشاندھی ہوتی ہے کہ بعض ممالک دیگر ملکوں کو غیر مستحکم کرنے لئے دہشت گرد گروہوں کو ہتھیار فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام تقریباً ساڑھے چار سال سے داعش، النصرہ فرنٹ اور جیش الفتح سمیت دیگر مختلف دہشت گرد گروہوں سے جنگ میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گروہ اپنے حامیوں کی نیابت میں شام کی حکومت اور عوام کے خلاف لڑ رہے ہیں اور ان دہشتگرد گروہوں کی مسلسل مالی اور اسلحہ کی فراہمی کے ذریعے حمایت کی جا رہی ہے۔

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے نے یہ بات زور دیکر کہی کہ شام میں لڑنے والے دہشت گردوں کو کیمیائی ہتھیاروں سمیت ہر قسم کے مہلک ہتھیار ان ممالک کی جانب سے فراہم کئے گئے ہیں، جو اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل کے رکن ہیں۔ بشار الجعفری کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک ترک اسلحہ اور عالمی امن و سلامتی کے حوالے سے منظور ہونے والی قراردادوں کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کو ہتھیاروں کی فراہمی، ترک اسلحہ، عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ پر بابندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں عالمی ادارے کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
خبر کا کوڈ : 491599
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش