0
Saturday 17 Oct 2015 18:00

کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل میں نادرا کی مدد سے کمپیوٹر لیب قائم کردی گئی

کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل میں نادرا کی مدد سے کمپیوٹر لیب قائم کردی گئی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے سینئر قانونی مشیر حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ جیل میں بچوں اور خواتین قیدیوں کیلئے کمپیوٹر کی علیحدہ کلاسز شروع کی جائیں گی۔ نادرا کی مدد سے قائم کی گئی کمپیوٹر لیب سے پہلے مرحلے میں پینتالیس قیدی مستفید ہوں گے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے میٹرک، ایف اے اور بی اے کے زیر تعلیم بیالیس قیدیوں کو مفت کتب فراہم کی ہیں۔ اس موقع پر علاقائی دفتر کے ایڈوائزر اور انچارج سرور بروہی، حسین شاہ شیرانی اور ڈی جی نادرا میر عجم خان درانی بھی موجود تھے۔ حافظ احسان احمد کھوکھر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ اور مچھ کی جیلوں میں قیدیوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ جیلوں میں اصلاحات کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ملک کی 87 جیلوں میں 70 فیصد قیدیوں کے کیسز زیر التواء ہیں۔ جیلوں سے متعلق تمام صوبوں کے آئی جی جیل خانہ جات اور محکمہ داخلہ کو چوبیس سوالات پر مشتمل سوالنامے بھیجے ہیں۔ سوال ناموں کے جوابات ملنے پر جیلوں میں قیدیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔ بلوچستان کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کو مفت تعلیم اور کتابیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جیلوں میں کمپیوٹرز لیب اور لائبریریوں کی وسعت کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں جیل حکام سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ جیلوں میں قید کم عمر بچوں کو تعلیم و ہنر سکھانے کے لئے خصوصی طورپر توجہ دی جائے گی تاکہ وہ جیل سے باہر آکر ایک اچھا شہری ثابت ہوں اور دوبارہ جرائم کی جانب راغب نہ ہو جائے۔ حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا کہ بلوچستان کے جیلوں میں قیدیوں کا اضافی بوجھ دیگر صوبوں کے مقابلے میں کافی حد تک کم ہے۔ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے ہاں عوامی مسائل کے کیسز دو مہینوں کے اندر نمٹائے جاتے ہیں اور انفرادی شکایات کے ساتھ ساتھ اجتماعی شکایات کے ازالے کے لئے سوموٹو ایکشن بھی لیا جاتا ہے۔ وفاقی محتسب جیلوں کے اندر اصلاحات اور قیدیوں کی شکایات اور اس کی حالت زار کی بہتری کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھا کر مسائل حل کررہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں قیدیوں کیلئے قرآن پاک کی تلاوت کیلئے ساؤنڈ سسٹم کے ساتھ ساتھ قیدیوں کو اسلامی تعلیم دینے کے لئے معلم قرآن اور قید کم عمر بچوں کے لئے سکول ٹیچر کا اہتمام کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 491798
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش