0
Tuesday 20 Oct 2015 15:53

ڈی آئی خان، تعلیمی ادارے و دفاتر سات سے گیارہ محرم تک بند رہیں گے

ڈی آئی خان، تعلیمی ادارے و دفاتر سات سے گیارہ محرم تک بند رہیں گے
اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کے سلسلے میں این جی اوز کے دفاتر اور گومل یونیورسٹی کل بروز بدھ سے گیارہ محرم تک بند رہیںگے، جبکہ تمام تجارتی مراکز نویں اور دسویں محرم الحرام کو بند رہیں گے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے حوالے سے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق آج ساتویں محرم بروز بدھ کو گومل یونیورسٹی کی چھٹیاں کر دی گئی ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں کام کرنیوالی این جی اوز کو بھی کام کرنے سے روک دیا ہے، جبکہ تاجر برادری نویں اور دسویں محرم کو تمام تجارتی مراکز بند رکھے گی۔ یہ پابندی دسویں محرم تک ہوگی جبکہ ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام میں امن کمیٹی، مصالحتی کمیٹی، ناظمین اور میڈیا کو سکیورٹی کے خصوصی پاسز بھی جاری کر دیئے ہیں۔

اے ایس پی ہیڈ کوارٹر وسیم ریاض کے مطابق محرم الحرام میں جلوسوں کی لائیو کوریج اور شر پسند عناصر کی کارروائی روکنے کیلئے جدیدخطوط پر کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔ لائیو کوریج تمام آفیسران اپنے موبائل پردیکھ سکیں گے۔ چار کنٹرول روم بھی ان کیمروں کیلئے بنائے گئے ہیں۔ پینا فلیکس تمام عوامی مقامات اور پولیس موبائل پر آویزاں کر رہے ہیں، ان میں ان افراد کی تصاویر بھی ہیں، جو پولیس کو مطلوب ہیں اور ان پر کسی بھی ناگہانی آفت کے حوالے سے اطلاع دینے کیلئے نمبرات بھی درج ہیں۔ شہر کے وہ تمام پوائنٹ جو دیگر اضلاع یا تحاصیل کو لگتے ہیں، وہاں سکیورٹی کیلئے ناکہ بندی کی ہے۔ شہرکے اندر داخل ہونیوالے راستوں کے علاوہ امام بارگاہوں کو جانیوالے راستوں پر بھی پولیس کی چیک پوسٹ بنائی ہیں۔ بہت سے راستے سکیورٹی کی وجہ سے بند کئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 492426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش