0
Thursday 22 Oct 2015 10:32

بل کی عدم ادائیگی پر کراچی میں سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا کام بند

بل کی عدم ادائیگی پر کراچی میں سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا کام بند
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں محرم الحرام کے حساس موقع پر خفیہ سیکورٹی کیمرے فراہم کرنے والا ادارہ بل کی عدم ادائیگی پر بند ہونے کی نہج پر پہنچ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف مقامات پر سیکورٹی کیمرے نصب کرنے والی کمپنی کے حکام نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو خط لکھ کر 12 کروڑ 12 لاکھ 70 ہزار روپے کے واجبات مانگے ہیں۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ ستمبر 2014ء سے جولائی 2015ء تک کا بل ادا نہیں کیا گیا، اگر انہیں ادائیگی نہ کی گئی تو 1250 سے زائد نصب کیمروں کی تنصیب کا کام بند کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کو فنڈز کے بحران کا سامنا ہے، ادائیگی کیلئے سندھ حکومت سے رقم مانگ لی ہے، اور پیسے ملتے ہی کمپنی کو ادائیگی کر دی جائے گی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سندھ حکومت کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا کہ خفیہ کیمرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں معاونت فراہم کرتے ہیں، اور یہ کیمرے محرم الحرام اور ربیع الاول کے مرکزی جلوسوں کی نگرانی کیلئے بھی استعمال کئے جاتے ہیں، سندھ حکومت نے اگر پیسے نہ دئیے، تو امن و امان کی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 492842
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش