0
Thursday 22 Oct 2015 18:07

لاہور، عاشورہ کے مرکزی جلوس کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے

لاہور، عاشورہ کے مرکزی جلوس کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس کے روٹ پر سکیورٹی اور لائٹنگ سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، قدیمی جلوس اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہو گا۔ اندرون شہر کی تنگ گلیوں سے یوں تو گزرنا بھی مشکل ہوتا ہے لیکن شہدائے کربلا کی یاد میں 10 محرم الحرام کو نکلنے والا شہر کا مرکزی جلوس ایک صدی سے زائد عرصہ سے ان قدیم گلیوں میں رواں دواں ہے، جس میں شہر بھر سے آئے ہزاروں عزادار شرکت کرتے ہیں۔ یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس 9 محرم کو رات 10 بجے نثار حویلی سے برآمد ہو کر رات بھر محلہ شیعاں اندرون موچی گیٹ نواب چوک سے ملحقہ امام بارگاہوں سے ہوتا ہوا یوم عاشور کے روز اذان علی اکبر کے بعد روائتی راستوں پر گامزن ہو گا۔ زیارت کا پہلا پڑاؤ مسجد وزیر خان کے باہر ہو گا جبکہ جلوس کے شرکاء علامہ آغا حیدر موسوی کی امامت میں سنہری مسجد کے باہر نمازظہرین ادا کریں گے، جس کے بعد جلوس صرافہ بازار، گمٹی بازار، پانی والا تالاب سے ہوتا ہوا حکیماں والا بازار کی مرکزی امام بارگاہ پہنچے گا، جہاں 2 گھنٹے تک زیارت کا پڑاؤ ہو گا جہاں زنجیر زنی اور ماتم کیا جائے گا۔

مرکزی جلوس کے روٹ پر اتحاد بین المسالک کے بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں تاکہ بھائی چارے کی فضا قائم رکھی جا سکے۔ عاشورہ کے جلوس کے راستوں میں درجنوں کی تعداد میں سبیلوں اور لنگر کی تقسیم کے کیمپس بھی لگائے گئے ہیں تاکہ جلوس کے شرکاء کی تواضع کی جا سکے جبکہ جلوس کے روٹ پر ضلعی حکومت کی جانب سے صفائی ستھرائی، سیکیورٹی کیمرے اور سڑکوں کے پیچ ورک کا کام بھی تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ شہدائے کربلا کی یاد میں نکلنے والا قدیمی جلوس اپنے روائتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا جہاں شام غریباں کی مجلس میں ہزاروں عزادار شریک ہونگے۔ شام غریباں کی مجلس کے بعد عشرہ محرم اختتام پذیر ہو جائے گا جبکہ دوسرے عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی مجالس کا سلسلہ اسی طرح پورا ماہ جاری رہے گا۔ جلوس اور مجالس میں اہل تشیع کے ساتھ ساتھ اہل سنت بھی شریک ہوتے ہیں اور اپنے اپنے انداز میں شہدائے کربلا کے ساتھ اظہار عقیدت کرتے ہیں۔ اس موقع پر خواتین منتیں بھی مانتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 492979
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش