0
Saturday 24 Oct 2015 09:35

لاہور، 10 محرم کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن، کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہوگا

لاہور، 10 محرم کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن، کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہوگا
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں کی طرف گامزن ہے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس رات ساڑھے 10 بجے نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا۔ قبل ازیں بیلا برادران، ذاکر حسین جعفری، حسن علی، علی جون سمیت دیگر نے سوزوسلام پیش کیا۔ ذاکر قاضی فیصل نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی اور علامہ سید ذوالفقار علی نقوی نے مصائب اہل بیت بیان کئے۔ ماتم حسینؑ کی صدا بلند کرتے ہی مرکزی شبیہ ذوالجناح کی زیارت برآمد کی گئی۔ نثار حویلی میں سینکڑوں کی تعداد میں عزادار موجود تھے۔ شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ کی مختلف امام بارگاہوں سے ہوتا ہوا اندرون شہر کی 100 سے زائد امام بارگاہوں میں جائے گا اور آج شام بیرون بھاٹی گیٹ کربلا گامے شاہ آکر اختتام پذیر ہو گا۔

مرکزی جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام اندرونی و بیرونی راستوں کو خار دار تاروں سمیت بیریئرز لگا کر بند کیا گیا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکار اور افسران سمیت حسینیہ سکاؤٹس بھی جلوس کیساتھ ساتھ ہے۔ جلوس اپنے روایتی راستے پر گامزن ہے۔ جلوس کے راستے میں عزاداروں کے لئے دودھ پانی اور شربت کی سبیلیں بھی لگائیں گئیں ہیں جبکہ عزادار نیاز حسینی بھی تقسیم کر رہے ہیں۔ جلوس کی ہر جانب سے لبیک یا حسین کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔ جلوس میں اہل تشیع کیساتھ ساتھ اہل سنت بھی شریک ہیں جبکہ اہل سنت کی جانب سے پانی کی سبیلیں اور لنگر امام حسینؑ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 493227
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش