QR CodeQR Code

نیشنل ایکشن پلان اور ایپکس کمیٹی سے ہمارا اعتبار اُٹھ چکا، ضرب عضب سے مایوس ہو رہے ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

28 Oct 2015 13:18

اسلام ٹائمز: کراچی کے کیتھولک گراؤنڈ سولجر بازار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے جیکب آباد کی عوام سے اپیل کی کہ وہ 20 محرم الحرام کو اپنے گھروں سے باہر نکلیں، جیکب آباد میں 9 محرم الحرام کے جلوس میں ہونیوالی دہشتگردی میں ہندو، سکھ اور اہل سنت شہید ہوئے ہیں سب سے گذارش ہے کہ وہ دہشتگردی کے اس ناسور کیخلاف قیام کریں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان اور ایپکس کمیٹی پر سے ہمارا اعتبار اُٹھ چکا ہے، 9 محرم الحرام کو جیکب آباد کے جلوس میں ہونیوالی دہشت گردی میں ہندو، سکھ اور اہل سنت شہید ہوئے، 8 اور 9 محرم الحرام کو جیکب آباد اور بولان میں دہشتگردی کے واقعات پر اقوام متحدہ بول اٹھا لیکن پاکستان کے مقتدر حلقے خاموش رہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ شکار پور پر ہم سے حکومت اور قانوں نافذ کرنے والے اداروں نے وعدہ کیا تھا کہ سندھ بھر میں آپریشن کیا جائے گا، لیکن ایسا نہیں ہوا اور چھلگری اور جیکب آباد کے سانحات رونما ہوئے، ملک میں شہید ہونے والے بچوں میں تفریق قابل قبول نہیں، جو بھی دہشتگردی کی اس جنگ میں شہید ہوا ہے وہ قابل عزت ہے، ریاستی ادارے تفریق ختم کریں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ ناصر عباس جعفری نے کیتھولک گراونڈ سولجر بازار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ باقر زیدی، علامہ مختار امامی، علامہ صادق جعفری، رضا نقوی اور احسن عباس بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ نیشل ایکشن پلان اور ایپکس پر سے ہمار ا اعتبار اٹھ چکا ہے، جن مقاصد کے لئے یہ ادارے بنائے گئے تھے، وہ عمل کہیں دکھائی نہیں دے رہا، ہم نے ضرب عضب کی بھرپور حمایت کی تھی، لیکن اب ہم اس سے مایوس ہو رہے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے نام پر علماء کی زبان بندی اور ضلع بندی ہمارے آئینی و جمہوری اور قانونی حق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے جیکب آباد کی عوام سے اپیل کی کہ وہ 20 محرم الحرام کو اپنے گھروں سے باہر نکلیں، جیکب آباد میں 9 محرم الحرام کے جلوس میں ہونیوالی دہشتگردی میں ہندو، سکھ اور اہل سنت شہید ہوئے ہیں، سب سے گذارش ہے کہ وہ دہشتگردی کے اس ناسور کے خلاف قیام کریں، جیکب آباد سے شروع ہونے والا بیداری کا سفر دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کی نیندیں خراب کر دے گا۔ انہوں نے شکار پور کی عوام کو بھی اس احتجاج میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اب انصاف کے حصول تک پورا سندھ سڑکوں پر ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 494218

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/494218/نیشنل-ایکشن-پلان-اور-ایپکس-کمیٹی-سے-ہمارا-اعتبار-ا-ٹھ-چکا-ضرب-عضب-مایوس-ہو-رہے-ہیں-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org