0
Wednesday 28 Oct 2015 19:10

مقبوضہ کشمیر، سرینگر میں شیعہ سنی مشترکہ حسینی مجلس کا انعقاد

مقبوضہ کشمیر، سرینگر میں  شیعہ سنی مشترکہ حسینی مجلس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین نے اوقاف امامیہ، سجاد آباد، چھتہ بل کے تعاون کے ساتھ سید الشہداء حضرت امام حسین ابن علی (ع) اور کربلا میں ان کے انصار اور باوفا اصحاب و انصار کی عظیم قربانیوں اور شہادت کی یاد تازہ کرنے کیلئے اپنی نوعیت کی پہلی شیعہ سنی مشترکہ پروقار مجلس حسینی کا اہتمام کیا جس میں وادی کے اہلسنت اور اہل تشیع کے نامور علمائے دین نے امام حسین (ع) اور ان کے باوفا اصحاب کی خدمت میں اپنا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مجلس میں دونوں برادریوں کے افراد کی ایک اچھی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے فلسفہ کربلا اور تحریک عاشورہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام حسین (ع) کا پیغام شہادت تمام انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے اور اسیران اہل حرم نے جسطرح اس عظیم قربانی کی تبلیغ کی وہ آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

تحریک صوت ہمدان کے مولانا نثار احمد نے قرآن کریم اور احادیث کی روشنی میں محبت اہلبیت پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اہلبیت (ع) کی محبت کو قرآن میں واجب قرار دیا ہے اور ہمیں پیامبر اسلام (ص) کے نواسے کی قربانی ہمیشہ یاد رکھنی چاہیئے۔ مولانا محمد شفیع نعیمی نے اپنی پرجوش اور ولولہ انگیز تقریر میں امام حسین (ع) کی شہادت پر قرآن کریم کی رو سے روشنی ڈالتے ہوئے تاکید کی، شہید زندہ ہیں اور ان کا مشن اور پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے۔ مفتی شریف الحق بخاری امام جمعہ کریری پٹن نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کل کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی مشترکہ مجالس کا اہتمام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ اختلافات کی خلیج پیدا کرنے والی استعماری قوتوں اور ان کے ایجنٹوں کا مقابلہ کیا جاسکے، کیونکہ ہم سب کا اللہ ایک، نبی ایک، کتاب ایک اور قبلہ ایک ہے اور فقہی اور فروعی اختلافات دوری کا سبب نہیں بن سکتے۔

انہوں نے امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام نے حق و صداقت کے لئے کربلا میں عظیم الشان قربانیاں پیش کیں جو ہمیں اس بات کی دعوت دیتی ہیں کہ ہم سب مل کر اسلام اور مسلمانوں کے دفاع کے لئے کوشش کریں چاہے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں بستے ہوں۔ اسلام ہمیشہ ظلم و ستم اور استبداد کے خلاف رہا ہے اور کربلا کی تحریک ہمیں اسی کا درس دیتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 494278
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش