QR CodeQR Code

ماضی کے سوداگر پنجگور کا امن تہہ و بالا کرنے کیلئے نکلے ہیں، رحمت صالح بلوچ

28 Oct 2015 19:03

اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت بلوچستان کا کہنا تھا کہ ماضی میں تمام ادارے تباہ کر دیئے گئے تھے۔ لیکن موجودہ حکومت نے آتے ہی اداروں کی بحالی کا کام شروع کر دیا اور اس وقت صوبے کے طول و عرض میں تعلیم، صحت اور امان و امان کے لئے مثالی اقدامات کئے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ ماضی کے سوداگر پنجگور کا امن تہہ و بالا کرنے کے لئے نکلے ہیں لیکن ہم عوام کی طاقت سے ان کے عزائم ناکام بنا دیں گے۔ حکومت نے تین سال میں بلوچستان بالخصوص پنجگور اور خضدار میں مثالی امن بحال کر دیا لیکن سیاسی یتیم و سوداگر ان اقدامات سے خوفزدہ ہیں۔ ماضی میں تھانے اور ناکے فروخت ہوتے تھے لیکن موجودہ حکومت نے خرید و فروخت کا کاروبار بند کرکے عوام کو تحفظ فراہم کیا۔ جو لوگ ماضی میں حکومت میں تھے وہ اپنے ساتھیوں اور رشتہ داروں کی فاتحہ خوانی تک کیلئے نہیں جا سکتے تھے۔ لیکن موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث اس وقت وہ اپنے علاقوں میں بلا خوف و خطر کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہے ہیں۔ ایک بار پھر ماضی کے سوداگر سرگرم ہو کر مختلف طریقوں سے امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ امن و امان پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اور قیام امن کیلئے ہر وہ اقدام کریں گے، جس سے عوام مطمئن ہوں۔ ماضی میں تمام ادارے تباہ کر دیئے گئے تھے لیکن موجودہ حکومت نے آتے ہی اداروں کی بحالی کا کام شروع کر دیا اور اس وقت صوبے کے طول و عرض میں تعلیم، صحت اور امان و امان کے لئے مثالی اقدامات کئے گئے ہیں۔ تمام غیر فعال طبی مراکز کو فعال بنا دیا گیا جب کہ سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنا کر بچوں کا مستقبل محفوظ بنا کر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔ موجودہ حکومت کی کامیابی سے چند عناصر خوفزدہ ہیں کیونکہ ہم نے کمیشن اور کرپشن کا باب بند کر دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 494288

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/494288/ماضی-کے-سوداگر-پنجگور-کا-امن-تہہ-بالا-کرنے-کیلئے-نکلے-ہیں-رحمت-صالح-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org