QR CodeQR Code

اقتصادی راہداری سے ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی، میجر جنرل شیرافگن

30 Oct 2015 21:29

اسلام ٹائمز: ایف سی ہیڈ کوارٹر کوئٹہ میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے 36 رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ عوام کا سکیورٹی فورسز پر اعتماد ہی ہماری کامیابی ہے۔ ایف سی بلوچستان عوام کے تعاون سے صوبے کو پُرامن اور مثالی بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔


اسلام ٹائمز۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن نے کہا ہے کہ عوام کے فورسز پر اعتماد کی بحالی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔ ایف سی بلوچستان عوام کے تعاون سے صوبے کو پُرامن اور مثالی بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ گوادر کاشغر راہداری سے یہاں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ فرنٹئر کور بلوچستان اپنی بنیادی ذمہ داریوں یعنی افغانستان اور ایران کے ساتھ پاکستانی سرحد کی نگرانی کے علاوہ اسلحہ، منشیات اور انسانوں کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے اور امن و امان کے قیام میں صوبائی حکومت کی مدد، قومی اثاثوں، ترقیاتی منصوبوں اور اہم تنصیبات کی حفاظت کو بطریق احسن پورا کر رہی ہے۔ مزید برآں خیر سگالی کے جذبے کے تحت تعلیم، صحت اور عوام کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں بھی ایف سی بلوچستان قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
فرنٹئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام 23 اسکول اور 07 کالجز بمعہ ہاسٹل دور دراز علاقوں میں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں۔ اسکے علاوہ صوبے میں زلزلہ اور سیلاب جیسی قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی میں بھی فرنٹئر کور ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ عوام کا سکیورٹی فورسز پر اعتماد ہی ہماری کامیابی ہے۔ ایف سی بلوچستان عوام کے تعاون سے صوبے کو پُرامن اور مثالی بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ وفد نے بلوچستان میں فرنٹئر کور کی گراں قدر خدمات اور قربانیوں کو سراہا اور فرنٹئر کور کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام کیلئے خاص طور پر محبت، خلوص اور امن کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن نے وفد کے ایف سی ہیڈکوارٹر کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 494660

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/494660/اقتصادی-راہداری-سے-ترقی-اور-خوشحالی-کی-نئی-راہیں-کھلیں-گی-میجر-جنرل-شیرافگن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org