QR CodeQR Code

پاکستان ہمارے نظریے عقیدے کا حصہ ہے، چوہدری مجید

3 Nov 2015 14:09

اسلام ٹائمز: وزیراعظم آزادکشمیر کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چیئرمین واپڈا نے یقین دہانی کرائی کے کہ متاثرین منگلاڈیم مطمئن رہیں ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ متاثرین منگلا ڈیم کے معاملات کو حل کرنے کے حوالے سے یہاں وزیراعظم آزادکشمیر کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین واپڈا ظفر محمود، چیف سیکرٹری آزادکشمیر عابد علی، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، ممبر واٹر واپڈا شعیب اقبال، پراجیکٹ ڈائریکٹر واپڈا غلام سرور میمن، کمشنر میرپور ڈویژن راجہ امجد پرویز، کمشنر منگلاڈیم محمد طیب اور دیگر اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متاثرین منگلاڈیم کے تمام حل طلب معاملات کو یکسو کرنے، نیو سٹی اور سمال ٹاؤن میں تعمیراتی کاموں کی تکمیل میرپور منگلا دورویہ سڑک کی تکمیل اور بائی پاس روڈ کی دوبارہ تعمیر سمیت دیگر ایشوز پر اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا ظفرمحمود نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ متاثرین منگلاڈیم مطمئن رہیں ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ کرنے کی وجہ سے خراب ہونے والی میرپور بائی پاس روڈ کو واپڈا، حکومت آزادکشمیر کے اطمینان کے مطابق دوبارہ تعمیر کرے گی، خالق آباد بند کے متاثرہ حصے کو معیار کے مطابق دوبارہ تعمیر کیا جائے گا، ڈیم میں Impounding کی وجہ سے متاثر ہونے والے Dykes دوبارہ تعمیر کیے جائیں گے اور واپڈا اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گا۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمارے نظریے عقیدے کا حصہ ہے پاکستان کے استحکام و خوشحالی کے لئے کشمیر ی آئندہ بھی قربانیاں دیتے رہیں گے۔ متاثرین نے پاکستان کے استحکام و معاشی خوشحالی کے لئے وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ واپڈا متاثرین منگلا ڈیم کے تمام حل طلب معاملات کو یکسو کرے، اضافی کنبہ جات کے لئے حکومت آزادکشمیر نے رقبہ مختص کر رکھا ہے، اضافی کنبہ جات کی بحالی و آبادکاری کو یقینی بنایا جائے گا۔ 


خبر کا کوڈ: 495390

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/495390/پاکستان-ہمارے-نظریے-عقیدے-کا-حصہ-ہے-چوہدری-مجید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org