0
Thursday 5 Nov 2015 08:41

کرگل کشمیر میں ’’نہضت کربلا و اصلاح معاشرہ‘‘ کے زیر عنوان ایک روزہ سیمینار منعقد

کرگل کشمیر میں ’’نہضت کربلا و اصلاح معاشرہ‘‘ کے زیر عنوان ایک روزہ سیمینار منعقد
اسلام ٹائمز۔ شدید سردی اور برف باری کے باوجود آج کرگل کے دور افتادہ علاقہ سانکو میں انجمن صاحب الزمان کرگل کے زیر اہتمام ’’نہضت کربلا و اصلاح معاشرہ‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار کا اہتمام کیا گیا اس دوران سرپرست اعلیٰ انجمن صاحب الزمان کرگل، سابقہ ایم ایل سی آغا سید احمد رضوی، شیخ صادق بلاغی، کونسلر سانکو سید عباس رضوی، ایکزیکیٹو کونسلر آغا سید عباس رضوی نے شرکت کی جبکہ ممتاز عالم دین شیخ انور شرف الدین کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔

اس دوران لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کرگل کے سابق ممبر قانون ساز کونسل سید احمد رضوی نے کہا کہ اصلاح معاشرے کے لئے یہ ضروری ہے کہ شعائر الہیٰ کو زندہ کیا جائے تاکہ معاشرے سے خرافات کا سدباب کیا جاسکے اور ایک انسانی معاشرے کی تشکیل دئے جانے میں مدد کی جاسکے، مولانا شیخ صادق بلاغی نے اس موقعہ پر کہا کہ اصلاح معاشرہ کے لے یہ ضروری ہے کہ علماء ٹھیک ہوں وہ اپنی منصبی ذمہ داریاں انجام دیں اور یہ تبھی ممکن ہے کہ جب ہم خط اہلبیت کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں۔

ایک روزہ سیمینار کے مہمان مولانا شیخ انور شرف الدین نے کہا چونکہ اسلام ایک منطقی دین ہے اس لئے اسلام نے ڈکٹیٹر شپ کو ہمیشہ مسترد کیا ہے اور آزادی اظہار کے سبھی دروازے کھولے ہیں یہی وجہ ہے کہ اسلام کے اس آفاقی دین کے ذریعہ سے معاشرے میں اصلاح ممکن ہے اور نوجوان نسل کو آج کے دور میں مغربی اثر و نفوز نیز کلچرل سوفٹ وار سے نجات دلائی جاسکتی ہے، انہوں نے مذید کہا کہ امام حسین (ع) بھی کربلا کا سفر اختیار کرتے وقت امت کی اصلاح کا مشن لے کر چلے تھے جس کی ذمہ داری آپ کے چاہنے والوں کے کاندھوں پر ہے۔

سیمنار کے آخر میں انجمن صاحب الزمان کرگل کے سرپرست سید محمد رضوی المعروف میگی عود نے کہا کہ معاشرے میں اصلاح انفرادی طور پر ممکن نہیں اس کے لئے ضروری ہے کہ کسی قائد و رہبر کی اطاعت کریں، انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے ہمارے سر پر ولی فقیہ کا سایہ ہے جس کے باعث ہزارہا امتحانات اور دشواریوں کے باوجود ہم دنیا میں آج ہم سربلند ہیں اور امت مسلمہ میں بیداری و وحدت کے لئے کوشاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 495650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش