0
Thursday 5 Nov 2015 09:16

مصر میں روسی جہاز کو بم کے ذریعے تباہ کیا گیا، امریکی اور برطانوی حکام

مصر میں روسی جہاز کو بم کے ذریعے تباہ کیا گیا، امریکی اور برطانوی حکام
اسلام ٹائمز۔ برطانوی حکومت کی کرائسس رسپانس کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیرِ خارجہ فلپ ہموند نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ امکان ہو سکتا ہے کہ جہاز کی تباہی اس میں موجود دھماکہ خیز ڈیوائس کی وجہ سے ہوئی۔ برطانوی حکومت نے بدھ کو کہا تھا کہ شاید جہاز کو کسی دھماکہ خیز ڈیوائس کی مدد سے زمین تک لایا گیا۔ ایک سینیئر برطانوی اہلکار نے برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملنے والے شواہد سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ جہاز کی تباہی کی وجہ بم تھا۔ واضح رہے کہ روسی مسافر بردار ایئر بس 321 طیارہ گذشتہ ہفتے کو مصر کے سیاحتی مرکز شرم الشیخ سے اڑنے کے تھوڑی دیر بعد تباہ ہو گیا تھا۔ دوسری جانب ایک امریکی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ وہ موصلاتی کے ذریعے پکڑے جانے والے پیغامات سے اس سرسری نتیجے پر پہنچے ہیں کہ صحرائے سینا میں موجود دولتِ اسلامیہ کے ایک حامی نے دھماکہ خیز ڈیوائس کو جہاز میں نصب کیا تھا۔ تاہم حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ابھی فورینزک شواہد اور بلیک باکس کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل مصر کے صدر السیسی نے عالمی میڈیا کودیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ جہاز کی تباہی کی وجہ کے بارے میں ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا، تاہم انھوں نے جہادیوں کی جانب سے اس دعوے کو پروپیگنڈا قرار دیا ہے کہ یہ جہاز انھوں نے مار گرایا ہے۔ یاد رہے کہ برطانوی ایوی ایشن سے منسلک ماہرین کی ایک ٹیم شرم الشیخ میں موجود ہے۔

روس کی فضائی کمپنی کوگالی ماویا نے الزام عائد کیا ہے کہ گذشتہ ہفتے صحرائے سینا میں تباہ ہونے والا مسافر بردار طیارہ بیرونی عوامل کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا تھا۔ تاہم روس کی فیڈرل ایوی ایشن ایجنسی کے سربراہ نے کہا ہے کہ جہاز کی تباہی پر کسی قسم کی قیاس آرائی کرنا قبل ازوقت ہے۔ ماسکو میں فضائی کمپنی کے ڈپٹی ڈائریکٹر الیگزینڈر سمرنوف نے ایک پریس کانفرنس میں حادثے میں تکنیکی خرابی اور پائلٹ کی غلطی کے امکان کو رد کر دیا تھا۔ الیگزینڈر سمرنوف نے کہا کہ فضا میں جہاز کے پھٹ جانے کی واحد قابلِ فہم وجہ کسی بیرونی چیز سے ٹکراؤ ہو سکتا ہے۔ فضائی کمپنی کے ایک اور اہلکار نے اس بات کا اعتراف کیا کہ تباہ ہونے والے جہاز کے ماضی میں بھی نقصان پہنچ چکا ہے اور 2001 میں اڑان بھرتے ہوئے اس کی دم کو نقصان پہنچا تھا۔
خبر کا کوڈ : 495747
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش