QR CodeQR Code

لاہور میں نون لیگ نے ڈاکو کو کونسلر بنوانے کے بعد قاتل کو چیئرمین بنوا دیا

5 Nov 2015 21:39

اسلام ٹائمز: عدالت نےقتل کیس میں مطلوب چودھری خالد کی الیکشن کے چند روز بعد ضمانت خارج کر کے اسے گرفتار کرنے کے احکامات دیئے تاہم ملزم عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے ارکان اور عہدیداروں کے حوالے سے سکینڈلز تو عام ہی ہیں لیکن امسال مسلم لیگ نون نے جرائم پیشہ افراد کو بلدیاتی الیکشن میں عہدے دلا دیئے۔ بلدیاتی انتخابات میں ڈاکو کونسلر کے بعد قتل کے کیس میں ملوث ملزم بھی چیئرمین منتخب ہو گیا۔ ملزم 2 نومبر سے عدالت سے فرار ہونے کے بعد تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔ لاہور میں 2013ء میں شاہدرہ کے علاقے فرخ آباد میں شہزاد نامی نوجوان کو قتل کر دیا گیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ شاہدرہ نے چودھری خالد نمبردار کیخلاف درج کیا، مقدمہ درج ہونے پر ملزم  خالد نمبردار نے عدالت سے ضمانت کروا رکھی تھی اور اس دوران ملزم نے یو سی 5 سے مسلم لیگ نون کی جانب سے چیئرمین کے امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کروا کر بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لیا اور نون لیگ نے جیت کا سہرا قتل کے ملزم چودھری خالد نمبردار کے سر باندھ دیا۔ عدالت نے چودھری خالد کی الیکشن کے چند روز بعد ضمانت خارج کر کے اسے گرفتار کرنے کے احکامات دیئے تاہم ملزم عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایک ڈاکو جو ڈکیتی کی واردات میں پولیس کی حراست میں ہے نون لیگ کی ٹکٹ پر کونسلر منتخب ہو گیا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ نون لیگ نے جرائم پیشہ عناصر کو ٹکٹ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ مجرموں کی جماعت ہے۔ مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے "اسلام ٹائمز" کو بتایا کہ ڈاکو کونسلر اور قاتل چیئرمین کو ٹکٹ دلانے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ان افراد کو تعین کیا جا رہا ہے جن کی سفارش پر انہیں ٹکٹ جاری کی گئی تھی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ڈاکو کونسلر کو ٹکٹ مقامی مسجد کی انتظامیہ کی جانب سے سفارش پر جاری کی گئی تھی جبکہ مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکو کونسلر کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ قاتل چیئرمین کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں اور میرٹ پر فیصلے کئے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 495890

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/495890/لاہور-میں-نون-لیگ-نے-ڈاکو-کو-کونسلر-بنوانے-کے-بعد-قاتل-چیئرمین-بنوا-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org