0
Friday 6 Nov 2015 13:57

لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس نے حلف اٹھا لیا

لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس نے حلف اٹھا لیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس اعجازالاحسن نے حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے جسٹس اعجازالاحسن سے حلف لیا۔ گورنر ہاؤس لاہور میں ہونیوالی سادہ اور پروقار تقریب میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان، صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان، صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو، وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا، لاہور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان، ان کے اہل خانہ، سینئر وکلاء اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ چیف جسٹس اعجاز الاحسن، سابق چیف جسٹس منظور احمد ملک کی جگہ لاہور ہائیکورٹ کے 44ویں چیف جسٹس مقرر ہوئے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن 5 اگست 1960ء کو پیدا ہوئے، وہ 15 ستمبر 2009ء کو لاہور ہائیکورٹ کے جج بنے، ان کا شمار منجھے ہوئے قانون دانوں میں ہوتا ہے۔ قبل ازیں نئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس اعجاز الاحسن نے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ پرامن اور مستحکم معاشرے کا قیام صرف اور صرف انصاف سے ہی ممکن ہے، جس کیلئے تمام آئینی و قانونی اداروں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ معاشرے کی توانائی اور زندگی کی بنیاد انصاف ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے انصاف کی فوری فراہمی اپنی اولین ترجیحات میں رکھا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ان پر جو ذمہ داریاں عائد کی گئیں ہیں وہ ان کو بہترین انداز میں نبھائیں۔
خبر کا کوڈ : 495983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش