0
Sunday 9 Jan 2011 00:26

کراچی،36سالہ یاور عباس جعفری نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق

کراچی،36سالہ یاور عباس جعفری نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق
کراچی:اسلام ٹائمز-موصولہ اطلاعات کے مطابق 36سالہ شیعہ نوجوان یاور عباس جعفری کو ہفتے کے روز پی آئی بی کالونی میں موٹر سائیکل پر سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے جاں بحق کر دیا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دہشت گردوں نے یاور عباس جعفری ولد سید سردار حسین جعفری کو ٹارگٹ کرتے ہوئے سر اور سینے پر کئی گولیاں چلائیں جس کے نتیجہ میں یاور عباس موقع پر ہی دم توڑ گئے، تاہم ان کے جسد خاکی کو لیاقت اسپتال منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ یاور عباس ماتمی انجمن فوج حسینی کے فعال ترین ممبر ہونے کے ساتھ ساتھ مجلس وحدت مسلمین کے بھی فعال کارکن تھے جبکہ ماضی میں ان کا تعلق ایک سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ سے تھا۔ ہفتے کے روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق ذمہ دار کے قتل کے بعد شہر کراچی کے حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں جبکہ گلشن اقبال،گلستان جوہر،شاہ فیصل کالونی،اورنگی ٹاﺅن،ناظم آباد سمیت تمام علاقوں میں ہوائی فائرنگ اور گاڑیوں کے جلائے جانے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں جس کے بعد شہر بھر میں سڑکوں سے ٹریفک غائب ہے اور حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ 
جنگ نیوز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی کے دوران پانچ گاڑیاں جلا دی گئیں،ہنگامہ آرائی میں ڈی ایس پی اور صحافی سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پی آئی بی کالونی کے علاقے امین آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن یاور عباس شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں چل بسا۔ واقعہ کے بعد پی آئی بی کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں اشتعال پھیل گیا۔ نامعلوم مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کر دی،پتھراؤ سے نیوٹاؤن کے ڈی ایس پی فخرالاسلام زخمی ہو گئے۔ مشتعل افراد نے مختلف علاقوں میں ایک بس سمیت 5گاڑیوں کو جلا دیا۔ پولیس کے مطابق جلائی گئی بس کا پیٹرول ٹینک پھٹنے سے 14 افراد زخمی ہو گئے جن میں ایک نجی ٹی وی کا صحافی اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے سائٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 اور حیدری میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔جبکہ مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 5 افرادزخمی بھی ہو گئے۔ایم کیو ایم کے کارکن کی امام بارگاہ رضویہ میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی جسے بعدازاں سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 49709
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش