0
Friday 13 Nov 2015 17:11

فوج دہشتگردوں کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے، حکمرانوں نے دہشتگردوں سے اتحاد کر رکھا ہے، اسلم بیگ

فوج دہشتگردوں کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے، حکمرانوں نے دہشتگردوں سے اتحاد کر رکھا ہے، اسلم بیگ
اسلام ٹائمز۔ سابق آرمی چیف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ سیاسی حکومت اور فوج کے مفادات میں تضاد جمہوریت کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آرمی چیف نے کہا فوج دہشتگردی اور کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنا چاہتی ہے جبکہ سیاستدانوں نے اپنے مفادات کیلئے دہشتگردوں سے اتحاد کر رکھا ہے، فوج کے پیچھے ہٹنے کے امکانات نہیں کیونکہ ایسا ہوا تو ملک کی بنیادیں ہل کر رہ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کے بیان پر حکومت کے ردّعمل سے آرمی چیف کے آنے والے دورہ امریکہ پر اثر پڑے گا اور آرمی چیف امریکی قیادت سے مضبوط پوزیشن میں بات چیت نہیں کر سکیں گے تاہم انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر بھی دورہ منسوخ نہیں ہونا چاہئے۔ ایک سوال کہ "حالات پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچ گئے ہیں یا سیاسی بحران کو ختم کرنے کیلئے کچھ کیا جا سکتا ہے؟ کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بڑا اہم موقع ہے، فوج اور حکومت دونوں کو بڑی احتیاط سے معاملات حل کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا آئی ایس پی آر نے اگرچہ گڈگورننس کی بات کی مگر اصل معاملہ دہشتگردی اور کرپشن کیخلاف اقدامات میں فوج کو درپیش رکاوٹیں تھیں۔ آئی ایس پی آر نے اپنی حدود میں رہ کر اس پر مختصر بات کی۔

انہوں نے کہا وہ سابق آرمی چیف کے طور پر سمجھتے ہیں کہ کسی معاملے کی وضاحت کتنا کرنا اور کتنا نہیں کرنا ہے۔ کراچی میں آپریشن کے آغاز کے بعد فوج اور رینجرز کو معلوم ہوا کہ سیاسی لیڈر اور دولت مند افراد بھی دہشتگردوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ نے بھی کراچی واٹر بورڈ جیسے اداروں تک اثرات پھیلا رکھے ہیں جو پاکستان کے محافظوں کیلئے انتہائی تشویشناک بات ہے۔ حالات اس قدر خراب ہیں کہ فوج دہشتگردوں اور کرپٹ افراد کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر واپس نہیں جائے گی۔ یہ بات قابل مسترد ہے کہ فوج اور رینجرز کے ہاتھ مضبوط کرنے کے بجائے سیاسی جماعتیں ان عناصر کی حمایت میں متحد ہو جائیں جن کیخلاف بظاہر محافظین پاکستان آگے بڑھ رہے ہوں۔ حالیہ سپیکر قومی اسمبلی کے الیکشن میں مسلم لیگ ن، پی پی اور ایم کیو ایم کے اتحاد کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا پی پی اور متحدہ کو اپنے غلط کاموں کی وجہ سے کارروائی کا سامنا ہے۔ مسلم لیگ ن کو خوف ہے کہ اگلے مرحلے میں وہ بھی اس کی زد میں آ سکتی ہے۔ مرزا اسلم بیگ نے کہا کہ حکومت کیخلاف نندی پور پراجیکٹ اور قطر سے گیس کے معاہدے میں کرپشن کے الزامات ہیں جن کی تحقیقات ہونی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 497548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش