0
Friday 13 Nov 2015 17:22

حکمران کھوکھلے بیانات سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، خرم نواز گنڈاپور

حکمران کھوکھلے بیانات سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، خرم نواز گنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے وزیراعظم کے اس دعویٰ کہ وہ ظالم مسلمان کے مقابلے میں کمزور ہندو کا ساتھ دیں گے، کے ردعمل میں کہا کہ یہی وزیراعظم اور ان کی ساری مشینری 17 جون 2014ء کے دن سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی بجائے ظالموں کیساتھ کھڑی تھی اور ڈیڑھ سال گزر جانے کے بعد بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے یتیم بچے انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے کھوکھلے بیانات سے عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے، اقلیتوں پر سب سے زیادہ مظالم نون لیگ کے دور حکومت میں ہوئے۔ وہ مختلف مذاہب اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر مشتمل وفد سے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں گفتگو کر رہے تھے۔ وفد نے منہاج انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل رضا اور شہزاد رسول کی دعوت پر مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت بشپ منور ملشاء اور سیمسن سلامت نے کی۔ وفد میں چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے سنٹرل فار ہیومین رائٹس ایجوکیشن کے ریسرچ فیلوز اور ممبران شامل تھے۔ وفد کو سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے پیش کئے جانے والے امن نصاب اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بشپ منورمل نے انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی انسانیت کیلئے انجام دی جانیوالی خدمات کو سراہا۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ آج بھی ہم سمجھتے ہیں کہ آئین پاکستان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد ہو تو ہر طرح کے ظلم اور استحصال کا خاتمہ ہوسکتا ہے، موجودہ ظالم نظام میں اکثریتی غریب مسلمان ہی نہیں اقلیتیں بھی پس رہی ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا انقلاب مارچ پاکستان کے 19 کروڑ عوام کیلئے تھا اور ظالم نظام اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ہماری جدوجہد آج بھی جاری ہے، ہم اقلیتوں اور پاکستان کے کمزور طبقات کو آئین پاکستان کی روشنی میں ان کے حقوق دلوا کر دم لینگے۔ انہوں نے کہا آئین ہر شہری کو یکساں تعلیم فوری انصاف تحفظ اور روزگار کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کو برابر کا شہری قرار دیتا ہے مگر نظام مملکت پسند اور ناپسند کی بنیاد پر چلایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دیوالی کے موقع پر ظالم کا ہاتھ روکنے کے حوالے سے کئے گئے اپنے دعویٰ میں سچے ہوتے تو 17 جون 2014ء کے دن وہ گلو بٹوں کے ساتھ کھڑے نہ ہوتے، جھوٹ، مصلحت، اقتدار اور پیسے کی ہوس نے قائداعظم کے پاکستان کو غریب کیلئے عقوبت خانہ بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے ساتھ سب سے زیادہ برا سلوک نون لیگ کے دور حکومت میں ہوا۔ کبھی سمبڑیال میں انہیں جلایا گیا، کبھی جوزف کالونی میں جلایا گیا، کبھی کوٹ رادھا کشن میں جلایا گیا۔ مشن کی جائیدادیں چھینیں گئیں اور اقلیتوں کا بدترین استحصال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو پاکستانی بن کر ظلم کیخلاف اٹھنا ہوگا اور لالچی اور حادثاتی قیادت سے پاکستان کو واگزار کروانا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 497553
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش