QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ قرار دینے کی قرارداد جی بی اسمبلی نے منظور کر دی ہے، فدا ناشاد

13 Nov 2015 19:49

اسلام ٹائمز: اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان میں شامل ہونے کا فیصلہ 67 سال قبل کرنے کے بعد ڈوگروں کی غلامی سے آزادی حاصل کر لی تھی یہ آزادی کی جنگ کشمیر میں شامل ہونے کے لئے نہیں لڑی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان حاجی فدا محمد ناشاد نے بتایا ہے کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے حوالے سے اسمبلی اراکین کے درمیان مکمل اتفاق رائے ہے، کوئی اختلافات نہیں، تبھی تو اسمبلی نے اگست 2015ء میں بلا اختلاف گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں صوبہ قرار دینے کی قرارداد منظور کر دی ہے۔ ہم وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کے چیئرمین سرتاج عزیز کو بھی بذریعہ فیکس و بذریعہ ڈاک ارسال کر چکے ہیں۔ بعض عناصر بلا وجہ اس موضوع کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اس مذموم کوشش میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان میں شامل ہونے کا فیصلہ 67 سال قبل کرنے کے بعد ڈوگروں کی غلامی سے آزادی حاصل کر لی تھی یہ آزادی کی جنگ کشمیر میں شامل ہونے کے لئے نہیں لڑی تھی۔ وزیراعظم نواز شریف گلگت بلتستان کے عوام کی رائے کا بہت احترام کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج تک کسی بھی عوامی مطالبے کو انہوں نے مسترد نہیں کیا ہے۔ گلگت بلتستان کے مسائل حل کرنے کی طرف وزیراعظم بننے سے پہلے بھی میاں محمد نواز شریف بھرپور توجہ دیتے رہے ہیں۔ وزارت عظمٰی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد تین اضلاع کا قیام، گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر کا فیصلہ، بلتستان یونیورسٹی کے قیام کا اعلان، سیلاب زدگان کی امداد کے لئے خصوصی فنڈ کی فراہمی اور اب آئینی حیثیت کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بااختیار کمیٹی کا قیام اس بات کی دلیل ہے کہ گلگت بلتستان کے اہم فیصلے میاں محمد نواز شریف ہی کر پائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 497566

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/497566/گلگت-بلتستان-کو-پاکستان-کا-صوبہ-قرار-دینے-کی-قرارداد-جی-بی-اسمبلی-نے-منظور-کر-دی-ہے-فدا-ناشاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org