QR CodeQR Code

بھارتی شہری نے واہگہ بارڈر زیرو لائن سے جیپ ٹکرا دی، موقع پر گرفتار

16 Nov 2015 17:30

اسلام ٹائمز: رینجرز ذرائع کے مطابق زیرو لائن پر سخت حفاظتی انتظامات ہونے کے باجود اس طرح کا واقعہ پیش آنا تشویشناک ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز حکام کی جانب سے بھارتی سکیورٹی فورس کو خط کے ذریعے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ واہگہ بارڈر پر بھارتی شہری کی جیپ زیرو لائن پر پاک بھارت سرحدی گیٹ سے ٹکرا گئی، رینجرز حکام نے خط کے ذریعے بھارتی سیکورٹی فورس سے احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔ واہگہ بارڈر پر بھارتی شہری کی تیز رفتار جیپ سرحدی لائن عبور کرتے ہوئے بھارتی گیٹ توڑ کر پاکستانی گیٹ سے آ ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں گیٹ کو بری طرح نقصان پہنچا۔ حادثے کے بعد بھارتی سکیورٹی فورس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے جیپ کو تحویل میں لے لیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق زیرو لائن پر سخت حفاظتی انتظامات ہونے کے باجود اس طرح کا واقعہ پیش آنا تشویشناک ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز حکام کی جانب سے بھارتی سکیورٹی فورس کو خط کے ذریعے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔ واہگہ بارڈر پر سیکٹر کمانڈر کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں پاکستانی اور بھارتی سیکٹر کمانڈر سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔ پاکستان نے جیپ کے واقعہ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

دوسری جانب بھارتی سرحدی فورس نے واہگہ بارڈر پر بھارتی سکیورٹی حصار کا توڑ کر پاکستانی سکیورٹی گیٹ کو گاڑی مارنے والے نشے میں دھت ملزم سکھوندر سنگھ کو بچانے کیلئے نیا ڈرامہ رچا دیا ہے۔ بی ایس ایف نے ملزم سکھوندر سنگھ کو ذہنی مریض قرار دیدیا ہے۔ بی ایس ایف کے مطابق ملزم سکھوندر سنگھ کینیڈا کا شہری ہے اور اس کا ذہنی توازن درست نہیں، وہ پولیس کی حراست میں دوران تفتیش گانے گاتا رہا۔ سکھوندر سنگھ کی اس حرکت نے کئی سوالات کو جنم دیدیا ہے، جن میں پہلا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر گاڑی میں بارودی مواد ہوتا تو اس کا نتیجہ کیا نکلتا؟ دوسرا یہ کہ جب ایک ذہنی مریض گاڑی لیکر انتہائی حساس جگہ داخل ہو گیا اور پھر وہ سکیورٹی حصار توڑتا ہوا زیرولائن سے بھی آگے آ گیا تب بی ایس ایف کہاں تھی؟ کیا بھارتی سکیورٹی فورس بھی نشے میں تھی؟ تیسرا یہ کہ ایک پاگل شخص گاڑی کیسے چلا سکتا ہے اور اسے کس نے گاڑی چلانے کی اجازت دی؟ ان سوالات پر سنجیدگی سے سوچنے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کیلئے اقدامات کئے جانا ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 498222

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/498222/بھارتی-شہری-نے-واہگہ-بارڈر-زیرو-لائن-سے-جیپ-ٹکرا-دی-موقع-پر-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org