QR CodeQR Code

پاک افغان چمن بارڈر کو عالمی طرز کی سہولیات سے آراستہ کیا جائیگا، نثار احمد خان

18 Nov 2015 19:05

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں ایوان صنعت وتجارت کوئٹہ کے صدر جمال ترہ کئی کی سربرا ہی میں وفد سے ملاقات کے دوران چئیرمین ایف بی نے بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے تین ارب سے زائد ٹیکس جمع کرنے کے عمل کو بھی سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ قانونی کاروبار کے فروغ کے بارے میں اقدامات اٹھائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نثار احمد خان نے کہا ہے کہ تجارت سے وابستہ افراد کے لئے بہت جلد پاک افغان چمن بارڈر کو عالمی طرز کی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کی مال بردار گاڑیوں کو بلا جواز مہینوں روکے رکھیں یا پھر ان سے بھتہ طلب کرے۔ چیف کلکٹر کسٹم پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد اس عمل میں ملوث انسپکٹرز اور دیگر کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔ اس موقع پر سابق چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ، چیمبر آف کامرس کے نائب صدر سمیع اللہ بلوچ اور ظفر رزاق درانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے صدر جمال ترہ کئی اور وفد کے اراکین نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نثار احمد خان کو تجویز دی کہ وہ پاک افغان چمن بارڈر پر تجارت سے وابستہ افراد اور مال گاڑیوں کے لئے سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنائیں، تاکہ کاروباری حضرات اور مال بردار گاڑیوں کے مالکان کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وفد کی اس تجویز کو چیئرمین ایف بی آر نے سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد چمن بارڈر کو عالمی سطح کی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ وہ تمام سہولیات تجارت سے وابستہ افراد کو دی جائیں گی، جو دیگر ترقی یافتہ ممالک میں تجارت سے وابستہ افراد کو حاصل ہے۔ ملاقات کے دوران چیمبر کی وفد کی جانب سے چئیرمین ایف بی آر کو بتایا گیا کہ بلوچستان سے ملک کے دوسرے حصوں خاص کر سندھ اور پنجاب مال لے کر جانے والی ٹیکس پیڈ گاڑیوں کو فیصل آباد، حیدر آباد، میانوالی اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں کسٹم اور دیگر کی جانب سے روک کر نہ صرف بھتہ طلب کیا جاتا ہے بلکہ انہیں مہینوں کھڑا کرکے تجارت سے وابستہ افراد کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ جسکے تجارت پر انتہائی برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس طرح کے اقدامات کا مقصد قانونی کاروبار کی راہ میں روڑے اٹکانے کے سوا کچھ نہیں۔ جس کا چیئرمین نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے لئے احکامات دیں۔

جس پر چیئرمین ایف بی آر نثار احمد خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف کلکٹر پنجاب کو ٹیلی فون کیا اور ہدایت جاری کی کہ وہ فوری طور پر بلا جواز بلوچستان سے آنے والی ٹیکس پیڈ مال بردار گاڑیوں کو روک کر بھتہ طلب کرنے یا پھر انہیں مہینوں کھڑی کرنے کے ناروا عمل میں ملوث کسٹم انسپکٹرز اور دیگر کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں تاکہ قانونی کاروبار کا سلسلہ جاری رہے۔ انہوں نے بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے تین ارب سے زائد ٹیکس جمع کرنے کے عمل کو بھی سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ قانونی کاروبار کے فروغ کے بارے میں اقدامات اٹھائیں گے۔ ملاقات کے موقع پر چیمبر آف کامرس کوئٹہ کے صدر اور دیگر نے انہیں بلوچستان میں ویلیو ایشن ٹیکس میں کمی کی بھی تجویز دی اور کہا کہ اس سلسلے میں سینیٹ میں صوبے کے سینیٹرز نے قرارداد بھی پیش کرکے منظور کرائی ہے جبکہ بلوچستان اسمبلی میں بھی جلد قرارداد لائی جائے گی۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر سے ویلیو ایشن ٹیکس میں 30 فیصد کمی کے لئے تعاون کا کہا۔ جس پر انہوں نے وفد کے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں ان کا ہر ممکن ساتھ دیں گے کیونکہ اسمگلنگ روکنے کے لئے ضروری ہے کہ ٹیکس میں بزنس کمیونٹی کو چھوٹ دی جائے۔ دریں اثناء وفد کے اراکین چیف کلکٹر پنجاب سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں بلوچستان سے آنے والی مال بردار گاڑیوں کو ناحق روکنے اور بھتہ مانگنے کے بارے میں تحفظات اور خدشات سے آگاہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 498709

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/498709/پاک-افغان-چمن-بارڈر-کو-عالمی-طرز-کی-سہولیات-سے-آراستہ-کیا-جائیگا-نثار-احمد-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org