QR CodeQR Code

بڑی طاقتیں بشارالاسد کے مستقبل کے بارے میں کوئی شرط عائد کئے بغیر دہشتگردی کیخلاف متحد ہوجائیں، سرگئی لاؤروف

18 Nov 2015 21:30

اسلام ٹائمز: ماسکو میں اپنے لبنانی ہم منصب کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں روسی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ مغربی طاقتیں بھی اس معاملے میں روس کا ساتھ دینگی اور شام کے حوالے سے ماسکو کیساتھ تعاون کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ مغربی ممالک اپنے اس موقف میں تبدیلی پیدا کرینگے، جسکے نتیجے میں دہشتگردی کا انتہائی ہولناک واقعہ پیش آیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ روس نے داعش مخالف اتحاد کے قیام کے لئے صدر بشار الاسد کی برطرفی کی شرط کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے ماسکو میں اپنے لبنانی ہم منصب جبران باسل سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صدر بشار الاسد کی برطرفی کی شرط کسی بھی طور قبول نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پیرس قتل عام کے بعد یہ بات پوری طرح سے واضح ہوگئی ہے کہ دنیا کی بڑی طاقتوں کو بشار الاسد کے مستقبل کے بارے میں کوئی شرط عائد کئے بغیر متحد ہوجانا چاہیئے۔ روس کے وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف متحدہ فورس کی تشکیل کے لئے کوئی بھی شرط قبول نہیں۔ فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے اپنے ایک بیان میں داعش کے خلاف وسیع البنیاد اتحاد کی تشکیل پر زور دیا ہے۔ وہ آئندہ ہفتے، امریکی صدر باراک اوباما اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات میں اس تجویز کا جائزہ لینے والے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ مغربی طاقتیں بھی اس معاملے میں روس کا ساتھ دیں گی اور شام کے حوالے سے ماسکو کے ساتھ تعاون کریں گی۔ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ مغربی ممالک اپنے اس موقف میں تبدیلی پیدا کریں گے، جس کے نتیجے میں دہشت گردی کا انتہائی ہولناک واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ حقیقی عالمی اتحاد کے قیام کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو قانونی بنیادیں فراہم کرنا ہوں گی، جس کے دائرے میں رہتے ہوئے بڑی طاقتیں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ کرسکیں۔ روس کے وزیر خارجہ نے ان خبروں کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا کہ حالیہ ویانا مذاکرات میں شام کے صدر بشار الاسد کے مستقبل کے بارے میں کسی بات پر اتفاق رائے ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 498767

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/498767/بڑی-طاقتیں-بشارالاسد-کے-مستقبل-بارے-میں-کوئی-شرط-عائد-کئے-بغیر-دہشتگردی-کیخلاف-متحد-ہوجائیں-سرگئی-لاؤروف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org