QR CodeQR Code

الیکشن کمیشن کھلی دھاندلی کر رہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

19 Nov 2015 13:00

اسلام ٹائمز: کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور لگتا ہے کہ الیکشن میں کسی جماعت کو سپورٹ کرنے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے جو قوانین بنائے ان پر عمل ہونا چاہیے، لیکن لگتا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں کسی جماعت کو سپورٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن بھی کھلی دھاندلی کر رہا ہے۔ کراچی میں پریس وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ 24 گھنٹے پہلے حلقہ بندیوں پر ہائیکورٹ کا فیصلہ آیا، اگر عدالت کو فیصلہ دینا تھا، تو ایک ہفتہ قبل دیتی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور لگتا ہے کہ الیکشن میں کسی جماعت کو سپورٹ کرنے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں نے خود سیکریٹری کو فون کیا، سندھ والوں کو کیا بھیڑ بکری سمجھتے ہیں، ہمیں کہا گیا کہ حلقہ بندیوں کیلئے انتخابات روکے ہیں، پولنگ اسٹیشن کو ایک روز قبل تبدیل کیا گیا، پچھلے 40 سالوں میں ایسا نہیں ہوا، جو اب ہو رہا ہے، لہٰذا الیکشن کمیشن کو ابھی تک چیزوں کا علم نہیں، اور یہ کھلی دھاندلی کر رہے ہیں۔

قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو قوانین بنائے ان پر عمل ہونا چاہیے، کیونکہ ہم یہ نہیں چاہتے کہ الیکشن نہ ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن ہوں، جبکہ حلقے الیکشن کمیشن نے بنائے ہیں، اور وہی انتخابات ملتوی کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں قائم علی شاہ نے کہا کہ ناصر حسین شاہ سے وزارت واپس لینے کا الیکشن کمیشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ کے 8 اضلاع کی 81 یونین کونسلز میں آج ہونے والے انتخابات ملتوی کر دیئے ہیں، جبکہ 15 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 498873

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/498873/الیکشن-کمیشن-کھلی-دھاندلی-کر-رہا-ہے-وزیراعلی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org