QR CodeQR Code

چین کی ہائی ٹیک ہتھیاروں کی تیاری امریکی فوج کیلئے خطرہ ہے،رابرٹ گیٹس

10 Jan 2011 13:29

اسلام ٹائمز:رابرٹ گیٹس نے کہا کہ چین نے ہماری توقعات سے بھی پہلے ریڈار پر نظر نہ آنے والا سٹیلتھ طیارہ بنایا اور نئے اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم تیار کئے جو امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے کو دو ہزار کلو میٹر دوری سے تباہ کرسکتے ہیں۔ چین کی ان بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیتوں نے ہمارے مفادات کو خطرے میں ڈال دیا ہے


واشنگٹن:اسلام ٹائمز-امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے چین کی طرف سے ہائی ٹیک ہتھیاروں کی تیاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر توجہ دینے کی ضرورت اور ہمیں بھی مناسب پروگرام تیار کرنا ہوں گے، چین کا تیار کردہ پہلا اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ اور اینٹی شپ میزائل امریکی فوج کے لئے خطرہ ہو سکتا ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ جے 20 اسٹیلتھ طیارے کی تیاری کے بارے میں ہمیں اطلاعات ملی تھیں لیکن چین ہماری انٹیلی جنس اطلاعات سے زیادہ تیزی سے اس منصوبے پر کام کر رہا ہے، انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ چین سے فوجی تعلقات بہتر بنائے جائیں۔ امریکہ سے چین جاتے ہوئے طیارے میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے رابرٹ گیٹس نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں چینی فوج کے ساتھ بات چیت کو بھی آگے بڑھانا ہو گا، ہم اس دورے کے ذریعے گہرے دفاعی تعلقات کی بنیاد ڈالنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کے ذریعے ہم چین کو بعض صلاحیتیں کم کرنے پر بھی تیار کر سکتے ہیں۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جبکہ چین کے صدر ہوجن تاؤ بھی 19 جنوری کو امریکا کا دورہ کر رہے ہیں جس میں دفاعی امور سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی خواہش پر یہ دورہ کیا جا رہا ہے، ہم امریکا اور چین کے درمیان مثبت، تعمیری اور جامع تعلقات چاہتے ہیں۔ 
وقت نیوز کے مطابق امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے جدید میزائلوں اور نئے سیٹلتھ جنگی طیارے کی تیاری امریکی بحریہ اور فضائیہ کیلئے خطرہ بن سکتی ہے اور ہم اس کا مناسب جواب دیں گے۔ چین کے تین روزہ دورے پر بیجنگ جاتے ہوئے طیارہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رابرٹ گیٹس نے کہا کہ چین نے ہماری توقعات سے بھی پہلے ریڈار پر نظر نہ آنے والا سٹیلتھ طیارہ بنایا اور نئے اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم تیار کئے جو امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے کو دو ہزار کلو میٹر دوری سے تباہ کرسکتے ہیں۔ چین کی ان بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیتوں نے ہمارے مفادات کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر دفاع ان معاملات پر بات چیت کے لئے گذشتہ روز چین کے دارلحکومت بیجنگ پہنچ گئے ۔رابرٹ گیٹس نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کے ذریعے ہم چین کو بعض صلاحیتیں کم کرنے پر بھی تیار کر سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 49909

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/49909/چین-کی-ہائی-ٹیک-ہتھیاروں-تیاری-امریکی-فوج-کیلئے-خطرہ-ہے-رابرٹ-گیٹس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org