0
Saturday 21 Nov 2015 19:33

دلوں میں نفرت کے باعث ہم مشرقی پاکستان پہلے ہی گنوا چکے ہیں، نواز شریف

دلوں میں نفرت کے باعث ہم مشرقی پاکستان پہلے ہی گنوا چکے ہیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ہماری کامیابی ترقی کا راستہ روکنے والوں کا بہترین احتساب ہے۔ ہم موٹروے بھی بنارہے ہیں اور چھوٹے منصوبوں پر بھی کام کررہے ہیں۔ خانیوال میں ایم 4 موٹروے کا افتتاح کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ 1999 میں ہماری حکومت ختم ہونے کے ساتھ ہی موٹروے کی تعمیر کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا۔ ہم سے پہلے کسی حکومت نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کام نہیں کیا۔ موٹروے بنانا تو دور کی بات کسی نے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے اقدامات تک نہ کیے۔ مجھے مشرف کا 7 نکاتی ایجنڈا سمجھ نہیں آیا، انہوں نے ترقی کا ایجنڈا پیش کیا۔ جس سے کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ آمریت جاری رہتی تو پاکستان نہ جانے کہاں ہوتا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ موٹروے لاہور سے براہ راست خانیوال اور عبدالحکیم آئے گی، جو کہ ملتان اور ملتان سے کراچی تک 6 رویہ ہو جائے گی، جس پر کام جاری ہے۔ موٹروے بننے سے لوگ کہیں گے کہ ہم نے جہاز سے نہیں، بلکہ موٹروے سے کراچی جانا ہے۔ جس سے لوگ 6 سے 7 گھنٹے میں کراچی پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ہر لحاظ سے ایک بہتر ملک بنانا چاہتے ہیں۔ جہاں دہشتگردی کا خاتمہ ہو، جہاں سڑکوں سے کاشتکار فائدہ اٹھائیں، جہاں ترقیاتی کاموں سے عام آدمی کو فائدہ ہو۔ موٹروے کی تعمیر سے لوگ ڈھائی گھنٹے میں لاہور سے ملتان پہنچ جائیں گے۔ جس سے فاصلے کم ہونگے اور دل قریب ہونگے۔ دلوں میں فاصلوں کی وجہ سے ہم پہلے ہی مشرقی پاکستان کو گنوا چکے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف خانیوال تا ملتان موٹروے ایم فور کے افتتاح کے لئے تین ہیلی کاپٹروں کیساتھ خانیوال پہنچے، جن میں حکومتی و پارٹی شخصیات بیٹھی تھیں۔ وزیراعظم نے ہیلی پیڈ سے افتتاح کی جگہ تک پہنچنے کے لئے دو منٹ کا سفر 10 سے 12 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ طے کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ گورنر پنجاب ر فیق رجوانہ سمیت اہم حکومتی شخصیات بھی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 499289
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش