0
Wednesday 12 Jan 2011 13:32

امریکی تاریخ کی سب سے بڑی پردہ پوشی

امریکی تاریخ کی سب سے بڑی پردہ پوشی
اسلام ٹائمز۔ پریس ٹی وی کے مطابق امریکی ریاست لوئزیانہ (Louisiana) کے حکام کا کہنا ہے کہ بی پی آئل کمپنی کے تیل کے ایک کنویں میں دھماکے کے آٹھ ماہ بعد بھی اس علاقے کے بعض ساحلی حصے تیل سے آلودہ ہیں۔ خلیج میکسیکو میں بی پی آئل کمپنی کے تیل کے ایک کنویں میں دھماکہ امریکی تاریخ میں تیل کا سب سے بڑا حادثہ بتایا جاتا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پلاک مائنز کے صدر بیلی ننگیسر (Billy Nungesser) نے کہا ہے کہ یہ امریکی تاریخ کی سب سے بڑی پردہ پوشی ہے۔ لوئیزیانا کی وائلڈ لائف اور فشنگ آرگنائزیشن کے اسسٹنٹ رابرٹ بارھم نے جمعہ 7 دسمبر کو ننگیسر کے ھمراہ اس علاقے کا دورہ کیا ہے۔ بارھم نے کہا: "اس وقت تیل کے اس کنویں میں دھماکے کو آٹھ ماہ جبکہ اسے بند کئے جانے کو پانچ ماہ گزر چکے ہیں لیکن ساحلی علاقوں کی صفائی کرنے والے افراد اب بھی انتہائی مشکلات کا شکار ہیں"۔
موصولہ رپورٹس کے مطابق تیل کا یہ دھبہ 9 میٹر چوڑا اور 30 میٹر لمبا ہے۔ ننگیسر کا کہنا ہے کہ اب تک اس علاقے کی صفائی کیلئے خاص منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہے۔ ننگیسر نے مزید کہا کہ ساحلی کنارہ روز بروز خشکی کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے علاقے کے باشندوں کو سیلاب کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے اپنی بیٹی کے ہمراہ گزشتہ گرمیوں میں خلیج میکسیکو کو صاف اور تیل سے عاری ثابت کرنے اور ملک کی سیاحتی صنعت کی بہبود کی غرض سے اس علاقے کے پانی میں تیراکی کی۔ گذشتہ سال بی پی آئل کمپنی کے ایک تیل کے کنویں میں دھماکے کے بعد کروڑوں بیرل خام تیل خلیج میکسیکو میں پھیل گیا تھا۔
لوئیزیانا کی وائلڈ لائف اور فشنگ آرگنائزیشن کے مطابق اس وقت خلیج میکسیکو کا ایک بڑا علاقہ خام تیل سے آلودہ ہے اور اسکی صفائی عمل میں نہیں آئی۔
امریکی حکام کے مطابق ماہرین حیاتات نے خلیج میکسیکو میں گذشتہ چند دنوں میں دو بھورے رنگ کے پلیکن مردہ حالت میں پائے ہیں جبکہ کئی ایسے پرندوں کو تیل سے آلودہ پایا ہے۔
واضح رہے کہ بی پی آئل کمپنی کے تیل کے کنویں میں دھماکے کے نتیجے میں گیارہ مزدور ہلاک ہوگئے تھے جبکہ امریکی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق 200 ملین بیرل [757 ملین لیٹر] سے زیادہ خام تیل خلیج میکسیکو میں بہہ گیا تھا۔
مترجم : ایس این حسینی
خبر کا کوڈ : 49929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش