QR CodeQR Code

ہند و پاک دوستانہ تعلقات کی خواہش کرتے رہیں گے، مفتی محمد سعید

22 Nov 2015 10:27

اسلام ٹائمز: پونچھ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان کو نفرت کی دیواریں گرانے پر زور دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا کہ وہ خطے میں دیر پا امن کے قیام کیلئے دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کی خواہش کرتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت اور پاکستان کو نفرت کی دیواریں گرانے پر زور دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا کہ وہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کیلئے دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کی خواہش کرتے رہیں گے۔ انہوں نے لورن ٹنگمرگ سڑک کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ اعلان کیا کہ مغل شاہراہ پر ٹنل کی تعمیر کا کام جلد شروع ہوگا۔ انہوں نے آر پار بینکنگ اور ٹیلی مواصلاتی سہولیات شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ آر پار تجارت کو بچھڑے کنبوں کو ملانے تک محدود رکھنے کے بجائے آگے لے جایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پونچھ دورے کے دوران کیا۔

بھارت اور پاکستان کو نفرت کی دیواریں گرانے پر زور دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا کہ وہ خطے میں دیر پا امن کے قیام کیلئے دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کی خواہش کرتے رہیں گے۔ پونچھ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحد کے آر پار لوگوں کے ملاپ کے دائرے کو وسعت دے کر تجارت، تعلیم اور ثقافتی سرگرمیوں تک بڑھایا جائے۔ اس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل کمار سنگھ، امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور قبائلی امور کے وزیر چودھر ی ذوالفقار علی، تعمیرات عامہ کے وزیر سید الطاف بخاری، وزیر تعلیم نعیم اختر کے علاوہ ارکان قانون سازیہ شاہ محمد تانترے اور یشپال شرما بھی موجود تھے۔

جموں و کشمیر کے معاملے پر نئی دہلی اور اسلام آباد کے دوستانہ تعلقات کے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعطل کو ختم کرنے اور مصالحت کے ماحول کو قائم کرنے پر زور دیا۔ مفتی محمد سعید نے کہا کہ ہند ۔ پاک دوستی لوگوں کو امن کا ماحول فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ حدمتارکہ پر زندگی بسر کرنے والے عوام کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس حوالے سے انہوں نے فوج کے جنرل کمانڈ ہڈا اور کور کمانڈر کیساتھ میٹنگ کی ہے جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ان علاقوں کا جنرل ہڈا کے ساتھ دورہ کریں گے جس کے بعد موقعہ پر ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 499372

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/499372/ہند-پاک-دوستانہ-تعلقات-کی-خواہش-کرتے-رہیں-گے-مفتی-محمد-سعید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org