0
Sunday 22 Nov 2015 23:47

سندھ میں فوج کی زیرِ نگرانی دوبارہ بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں، نواز لیگ سمیت اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ

سندھ میں فوج کی زیرِ نگرانی دوبارہ بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں، نواز لیگ سمیت اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن سمیت سندھ کی مختلف اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماﺅں نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں فوج کی زیرِ نگرانی بلدیاتی انتخابات دوبارہ کروائے جائیں، اور اس میں بائیو میٹرک سسٹم اور الیکٹرونک مشین کا استعمال کیا جائے، بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں بدترین دھاندلی کی گئی ہے، الیکشن کمیشن اپنی افادیت کھو چکا ہے، اس الیکشن کمیشن کی موجودگی میں آئندہ سو سالوں میں بھی شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے، ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے سابق رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر مرتضیٰ جتوئی، سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم، مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما شہریار مہر، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنما زین شاہ، مسلم لیگ ن کی رہنما راحیلہ مگسی کے صاحبزادے محسن مگسی اور دیگر نے کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ بدین جسے تمام اضلاع میں سب سے زیادہ حساس کہا جا رہا تھا، رینجرز کے بھرپور تعاون کی وجہ سے وہاں پیپلز پارٹی کوشش کے باوجود بھی دھاندلی نہیں کر سکی، بدین میں میری کامیابی سے آصف زرداری کی نیندیں اڑ گئی ہوں گی، اسے تو اس شکست کے بعد سمندر میں کود جانا چاہئے، بلاول بھٹو ہمارا بچہ ہے، اسے بدین میں لاکر اس کی بے عزتی کروائی گئی، جہاں تک وزیراعلیٰ سندھ کا تعلق ہے، تو وہ ابھی بھنگ کے نشے میں ہوں گے، انھیں بعد میں معلوم ہوگا کہ کیا ہوا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سندھ کے سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں سمیت تمام ثبوت دیئے تھے، اور پری پول دھاندلی سے متعلق آگاہ کیا تھا، لیکن ہمارے کسی بھی مطالبے پر الیکشن کمیشن نے عمل نہیں کیا، اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اپنی افادیت کھو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں پانچ پانچ ہزار روپے ووٹرز کو دیئے گئے، بندوق کے زور پر لوگوں کو پولنگ اسٹیشنوں تک نہیں آنے دیا گیا، بہت سے پولنگ اسٹیشنوں پر لوگ ہی نہیں آئے، ہم ایسے الیکشن کو نہیں مانتے، سندھ اور پنجاب کی حکومتیں آپس میں ملی ہوئی ہیں، میرے علاقے میں پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے کرلئے گئے، اور کھلے عام دھاندلی کی گئی، عمران خان بھی دھاندلی کا شور مچا مچا کر تھک گئے، اور آج ہم بھی یہی بات کہہ رہے ہیں۔ فنگشنل لیگ کے رہنما شہریار مہر نے کہا کہ ہم نے آج بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے، خیرپور میں ہمارے 8 سے زیادہ ووٹرز شہید ہوگئے، اور یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ ذاتی دشمنی کے نتیجے میں قتل ہوئے، جبکہ یہ انتخابی اور سیاسی معاملہ تھا۔
خبر کا کوڈ : 499571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش