QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، چہلم امام حسین (ع) کا سکیورٹی پلان جاری

23 Nov 2015 21:25

اسلام ٹائمز: ڈی پی او نے سکیورٹی پلان کی تفصیلات میڈیا کو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کو پانچ سیکٹرزمیں تقسیم کیا گیا ہے، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر دس روز کیلئے پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ 23 مجالس اور 21 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے پولیس کے تین ہزار سے زائد اہلکاروں کے علاوہ ایف سی اور ایف آر پی کی پانچ پانچ پلاٹون خدمات سرانجام دیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے حساس شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ربنواز خان نے چہلم کے سکیورٹی پلان کی تفصیلات میڈیا کو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی پلان کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان کو پانچ سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر سیکٹر کا انچارج ڈی ایس پی ہوگا۔ چہلم کے دوران 23 مجالس منعقد ہونگی، جبکہ 21 جلوس نکالے جائینگے۔ ہر جلوس اور مجالس کیلئے بھی الگ الگ سیکورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ پولیس اور ایلیٹ کے 3500 جوان اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینگے، جبکہ فرنٹیئر کانسٹیبلری اور فرنٹیئر ریزرو پولیس کی پانچ پانچ پلاٹون بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گی۔ خفیہ کیمروں کے ذریعے مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کی جائیگی۔ ڈی پی او ربنواز خان نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بغیر نمبر پلیٹ اور جعلی نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکلوں کیخلاف کارروائی تیز کی جا رہی ہے۔ ان موٹر سائیکلوں کے چالان کئے جارہے ہیں۔ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ بھی تیز کیا جا رہا ہے۔ سی ٹی ڈی اور دیگر ایجنسیز کیساتھ ملکر اس آپریشن کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ کرایہ کے مکانات کے کوائف متعلقہ تھانوں میں درج نہ ہونے کے باعث ان کیخلاف بھی متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 499814

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/499814/ڈی-آئی-خان-چہلم-امام-حسین-ع-کا-سکیورٹی-پلان-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org