QR CodeQR Code

آصف زرداری ایس جی ایس، کوٹیکنا ریفرنسز سے بھی بَری

24 Nov 2015 12:46

اسلام ٹائمز: عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب آصف زرداری کے خلاف دونوں ریفرنسز میں ٹھوس شواہد فراہم کرنے میں ناکام رہا، نیب کے پاس ریفرنسز کے اصل دستاویزات تک موجود نہیں جبکہ دونوں ریفرنسز کے مرکزی ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز میں باعزت بری کر دیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آصف علی زرداری کے خلاف دونوں ریفرنسز کا فیصلہ 11 نومبر کو محفوظ کیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب آصف زرداری کے خلاف دونوں ریفرنسز میں ٹھوس شواہد فراہم کرنے میں ناکام رہا، نیب کے پاس ریفرنسز کے اصل دستاویزات تک موجود نہیں جبکہ دونوں ریفرنسز کے مرکزی ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور بے نظیر بھٹو کے خلاف دونوں ریفرنسز 1998 میں سابق چیئرمین نیب سیف الرحمان کے دور میں بنائے گئے تھے۔ دونوں ریفرنسز میں آصف علی زرداری اور بےنظیر بھٹو پر غیر ملکی کمپنیوں کو شپنگ کے ٹھیکے دینے میں کمیشن وصول کرنے کا الزام تھا۔ احتساب عدالت نے ذمہ داران کو مفرور قرار دے کر مقدمے کے دیگر تمام ملزمان کو بری کردیا تھا جب کہ آصف علی زرداری کے بارے میں لکھا تھا کہ انہیں صدر مملکت ہونے کی وجہ سے استثنٰی حاصل ہے۔ راولپنڈی کی احتساب عدالت نے ستمبر 2011 میں کوٹیکنا کیس کے واحد گرفتار ملزم سابق چیرمین سینٹرل بیورو آف ریونیو (سی بی آر) اے آر صدیقی کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا تھا۔ اس عدالت نے بھی استثنیٰ کے باعث اس وقت صدر کے منصب پر فائز آصف علی زرداری کو نہیں چھیڑا تھا، جبکہ ہلاکت کے باعث بے نظیر بھٹو کا نام بھی خارج کردیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 499961

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/499961/آصف-زرداری-ایس-جی-کوٹیکنا-ریفرنسز-سے-بھی-ب-ری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org