0
Tuesday 24 Nov 2015 15:09

ترک فضائیہ نے شام کے علاقے میں روس کا جنگی طیارہ مار گرایا

ترک فضائیہ نے شام کے علاقے میں روس کا جنگی طیارہ مار گرایا
اسلام ٹائمز۔ ترک فوج کے اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ نشانہ بنائے جانے والے طیارے کو متعدد بار متنبہ کیا گیا اور فضائی حدود سے باہر نہ جانے پر ایف 16 طیاروں نے اسے مار گرایا۔ نیٹو کے جنگی قوانین و قواعد کے مطابق فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی طیارے کو پہلے تین مرتبہ خبردار کیا جاتا ہے۔ تین مرتبہ خبردار کرنے کے باوجود اگر خلاف ورزی کرنے والا طیارہ اپنا راستہ نہیں بدلتا تو پھر اس کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ٹی وی پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں دو پائلٹوں کو پیراشوٹ کی مدد سے اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔ روئٹرز کے مطابق ترکی کے وزیرِ اعظم احمد داؤد اوغلو کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے ملک کی وزارتِ خارجہ سے کہا ہے کہ وہ نیٹو، اقوامِ متحدہ اور متعلقہ ممالک سے اس صورتحال پر رابطہ کرے۔ خیال رہے کہ رواں برس روس کی جانب سے شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ پر فضائی حملوں کے آغاز کے بعد اکتوبر میں روسی طیاروں کی جانب سے ترک فضائی حدود کی خلاف ورزی کے کئی واقعات پیش آئے تھے۔ اس وقت امریکہ اور نیٹو نے روس کو ایسے اقدامات سے باز رہنے کو کہا تھا اور متنبہ کیا تھا کہ اس کا نتیجہ روسی طیاروں کی تباہی کی صورت میں بھی برآمد ہو سکتا ہے۔ ان خلاف ورزیوں کے بعد اکتوبر میں ہی ترک جنگی طیاروں نے شام کی سرحد کے قریب ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ایک بغیر پائلٹ کے ڈرون طیارے کو مار گرایا تھا۔
خبر کا کوڈ : 499993
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش