0
Tuesday 24 Nov 2015 21:44

چند دہشتگردوں کی سزا دیامر کے لاکھوں عوام کو دینا ناانصافی ہے، مولانا رحمت اللہ

چند دہشتگردوں کی سزا دیامر کے لاکھوں عوام کو دینا ناانصافی ہے، مولانا رحمت اللہ
اسلام ٹائمز۔ جمیعت علمائے اسلام گلگت بلتستان کے سیکرٹری اطلاعات مولانا رحمت اللہ سراج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت داریل تانگیر میں آپریشن کی آڑ میں بے گناہ عوام کو تنگ کرنے سے باز آئے۔ گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر اور چار دیواری کو پامال کیا جارہا ہے، خواتین اور بزرگوں کو تنگ کیا جارہا ہے، مدارس اور مساجد کی تقدس کو پامال کیا جارہا ہے، اس سے عوام میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ چند دہشت گردوں کی ظالمانہ کاروائیوں کی سزا داریل تانگیر کی لاکھوں عوام کو دینا اور لاکھوں عوام کو آئی ڈی پیز بنانے کی دھمکی دینا انصاف نہیں ہے۔ مولانا رحمت اللہ نے کہا کہ ایس سی او انجینئروں کا اغواء بدترین اقدام ہے، کسی بھی طور پر اس کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔ دیامر کے علماء اور عمائدین نے اس کی بھرپور مذمت کی ہے مگر چند افراد کی دہشت گردی کی سزا لاکھوں لوگوں کو دینا، انصاف کے تقاضوں کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیامر کے محب وطن عوام کے ملک و قوم کے لئے بے مثال قربانیاں ہیں اور ابتک دے رہے ہیں۔ دیامر کی پولیس اپنی نااہلی چھپانے کے لئے بے گناہ لوگوں کے گھروں کو گرا رہی ہے، دیامر انتظامیہ کی اس ظالمانہ اقدام کی مثال پورے ملک میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی داریل تانگیر کے عوام کو مسلم لیگی امیدوار کو ووٹ دینے کی سزا نہ دیں اور انتظامیہ سے انسانی حقوق کو پامال کرنے والے اقدامات پر سخت نوٹس لیں۔
خبر کا کوڈ : 500085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش