0
Wednesday 25 Nov 2015 19:39

بلوچستان حکومت اسلام آباد اور لاہور کو خوش کرنے میں لگی ہوئی ہے، جماعت اسلامی

بلوچستان حکومت اسلام آباد اور لاہور کو خوش کرنے میں لگی ہوئی ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور سے کامیابی کے سرٹیفکیٹ مانگنے کی بجائے یہاں کی عوام کی خدمت دیانت سے کرنا چاہیئے۔ حکومتی سطح پر کرپشن و کمیشن اور میرٹ کی پامالی ختم کرنی چاہیئے۔ تخت لاہور اور حکمرانوں کے شہر اسلام آباد کو خوش کرنے کے بجائے مظلوم بلوچستان سے غربت پریشانی، بدامنی اور بے روزگاری ختم کرکے میرٹ کو بحال کرکے اہل لوگوں کو روزگار دیکر خوش کیا جائے۔ تعلیم و صحت کے تباہ حال اداروں کو تباہی سے بچانے کی فکر کریں۔ بلوچستان کے عوام، اقرباء پروری، مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں۔ لوگوں کو دو وقت کی روٹی صحیح طریقے سے میسر نہیں ہے۔ لوڈشیڈنگ نے بھی عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے زراعت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ کاروبار زندگی عملاً مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ گڈگورننس، میرٹ کے قیام کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائے۔ مہنگائی اور کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک میں عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم نہیں ہو سکتا۔‌ بلوچستان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ اقرباء پروری، کرپشن اور حکومتی نااہلی ہے۔ ایک طرف کرپشن، لوٹ مار اور اقربا پروری زوروں پر ہے، تو دوسری جانب وزیراعلٰی بلوچستان تخت لاہور اور اسلام آباد سے اچھی حکمرانی کی سند مانگ رہے ہیں۔ بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے۔ اس کی زمین زرخیز، سمندر اور پہاڑ معدنیات سے بھرے ہوئے ہیں۔ قدرتی گیس اور کوئلہ و کرومائیٹ کے وسیع ذخائر ہمارے صوبے و ملکی معیشت کا رخ بدل سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمرانوں کو اپنی ترجیحات بدلنے کیساتھ ساتھ صوبے سے کرپشن، اقرباء پروری کے ناسور کو ختم کرکے گڈگورننس، کفایت شعاری کو اپنانا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 500363
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش