0
Tuesday 11 Jan 2011 16:42

کرم ایجنسی،پاک افغان سرحد کی بندش سے اشیائے خوردونوش کی قلت،قیمتوں میں اضافہ

کرم ایجنسی،پاک افغان سرحد کی بندش سے اشیائے خوردونوش کی قلت،قیمتوں میں اضافہ
پارہ چنار:اسلام ٹائمز-کرم ایجنسی سے مسلسل پاک افغان سرحد کی بندش اور پارا چنار و پشاور کے درمیان کانوائے کا سلسلہ بند ہونے کے بعد پارہ چنار کو اشیاء خوردونوش، ادویات و دیگر اشیاء کی سپلائی بند، علاقے میں اشیاء خوردونوش کی شدید قلت، قیمتوں میں دو گنا اضافہ،تاجر باردری اور قبائل نے تجارت کےلئے کرم ایجنسی سے مسلسل پاک افغان سرحد کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پارہ چنار جانیوالی شاہراہ ٹل پارہ چنار روڈ گزشتہ چار سالوں سے شدت پسندوں کے حملوں اور کارروائیوں کی وجہ سے بند پڑا ہے جس کی وجہ سے اپر کرم ایجنسی کے قبائل افغانستان سے اشیاء خوردونوش خریدنے پر مجبور تھے۔ تازہ واقعہ 4جنوری کو پیش آیا، جب شدت پسندوں نے لوئر کرم ایجنسی کے علاقوں ششو، درانی اور پیر قیوم میں سیکورٹی فورسز کی نگرانی میں آنیوالے کانوائے پر حملہ کیا۔ پہلے ٹرکوں سے کروڑوں روپے کا سامان لوٹ لیا گیا بعد میں 22ٹرکوں کو آگ لگا کر نذر آتش کر دیا گیا، اس واقعہ کے بعد ٹل پارہ چنار روڈ پر کانوائے کا سلسلہ بھی بند ہو گیا اور کانوائے کا سلسلہ بند ہونے کے بعد پشاور اور ملک کے دوسرے حصوں سے پارہ چنار کو اشیاءخوردنوش، تیل، ادویات کی سپلائی بھی بند ہو گئی ہے اور علاقے میں اشیاء خوردونوش کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور ان کی قیمتوں میں دو گنا اضافہ ہو گیا ہے جبکہ نوکری پیشہ افراد مریض و طلبہ اور باہر ممالک جانیوالے افراد پارہ چنار میں پھنس کر رہ گئے ہیں اور باہر جانیوالے بعض افراد کے ویزے بھی ختم ہو گئے ہیں۔
 دوسری جانب کرم ایجنسی سے پاک افغان سرحد کو مسلسل تین ماہ سے حکومت نے بند کر رکھا ہے۔ 20ستمبر کو نیٹو گن شپ ہیلی کاپٹروں کے حملے میں پاک افغان سرحد پر تعینات 3 پاکستانی سیکورٹی اہلکار شہید ہونے کے واقعے کے بعد حکومت نے تمام قبائلی علاقوں سے پاک افغان سرحد کو بند کر دیا گیا تھا کچھ عرصہ بعد تمام سرحدوں کو دوبارہ کھول دیا گیا مگر کرم ایجنسی سے پاک افغان سرحد کو بدستور بند رکھا گیا جو کہ تاحال بند پڑا ہے جس کی وجہ سے افغانستان سے کرم ایجنسی کو اشیاء خوردونوش کا سلسلہ بھی بند پڑا ہے اور تاجر برادری کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔



خبر کا کوڈ : 50070
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش