QR CodeQR Code

گلگت، حکومت کا دہشتگردوں سے مذاکرات کے بعد ایس او کے مغوی 2 انجینئرز 21 روز بعد بازیاب

27 Nov 2015 22:33

اسلام ٹائمز: صوبائی حکومت سمیت پاکستان آرمی کو دیامر میں موجود مٹھی بھر دہشتگرد للکارتے رہے لیکن سکیورٹی فورسز صوبائی حکومت کی مداخلت کے سبب آپریشن کرنے میں ناکام رہی، آخر کار ایک خفیہ ڈیل کے تحت مغویوں کو رہا کر دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر چلاس سے اغوا ہونے والے پاکستان آرمی کا ادارہ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے دو انجینئرز کو اکیس دن بعد بازیاب کرالیا گیا۔ صوبائی حکومت اور سابق اسپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی ملک مسکین کا دہشتگردوں کے مابین خفیہ ڈیل کے بعد انجینئیرز کو بازیاب کرایا گیا۔ ضلع دیامر کے علاقے چھتیال سے اکیس روز قبل اغوا ہونیوالے اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے دو انجینئیرز امجد علی اور عیسیٰ بیگ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا تھا۔ دہشتگردوں نے اپنے ساتھی دہشتگرد امان اللہ سمیت متعدد دہشتگردوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا اور اسی مقصد کے لیے چلاس تھانے پر حملہ آور بھی ہوئے تھے جو کہ اسوقت گرفتار ہے۔ صوبائی حکومت سمیت پاکستان آرمی کو دیامر میں موجود مٹھی بھر دہشتگرد للکارتے رہے لیکن سکیورٹی فورسز صوبائی حکومت کی مداخلت کے سبب آپریشن کرنے میں ناکام رہی۔ جبکہ اسی مسئلے پر کورکمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل عاصم منیر نے بھی دہشتگردوں کو ایک ہفتے کے اندر مغوی کو رہا نہ کرنے کی صورت میں آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ اس بیان کے بعد صوبائی حکومت اور مسلم لیگ نون کے رہنماء حرکت میں آگئی اور مغوی کو بازیاب کرایا۔ دہشتگردوں کے ساتھ مذاکرات میں کیا خفیہ ڈیل ہوئی، یہ بات سامنے ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی، تاہم دہشتگردوں کی جانب سے روز اول سے یہی مطالبہ رہا ہے کہ سانحہ چلاس سمیت متعدد دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو رہا کروایا جائے۔ 


خبر کا کوڈ: 500869

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/500869/گلگت-حکومت-کا-دہشتگردوں-سے-مذاکرات-کے-بعد-ایس-او-مغوی-2-انجینئرز-21-روز-بازیاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org