0
Saturday 28 Nov 2015 18:55

الطاف حسین کو ایم کیو ایم کے اندر سے ہی مائنس ون فارمولے کا خطرہ ہے، عمران خان

الطاف حسین کو ایم کیو ایم کے اندر سے ہی مائنس ون فارمولے کا خطرہ ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کی عوام جاگ گئی ہے، عوام ظلم اور ناانصافی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، شہر سے پانی مافیا، زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ مافیا کو ختم کریں گے، کراچی پولیس کو غیر سیاسی کر دیں گے، دہشت گردی ختم کرکے دکھائیں گے، ایم کیو ایم کو باہر سے نہیں بلکہ اندر سے ہی مائنس ون کا خطرہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی انتخابات کی مہم کے سلسلے میں کراچی پہنچنے پر مختلف مقامات پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ جلسے جلوس اور ریلی پر پابندی جمہوریت نہیں، بلکہ مصنوعی جمہوریت ہے، گلگت بلتستان کے الیکشن پر وزیراعظم نے 40 ارب اور پنجاب کے بلدیاتی الیکشن پر 47 ارب کے کسان پیکیج کا اعلان کیا، اور ہمیں ریلی نکالنے سے روکا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں کہ ہمیں اپنا منشور بتانے کی اجازت کیوں نہیں ہے، جو قانون منصفانہ نہیں ہوتا، ہم اس کو نہیں مانتے، جبکہ کسی لیڈر کو عوام سے مخاطب ہونے سے نہیں روکا جا سکتا۔ عمران خان نے کہا کہ ساری تحریکیں کراچی سے شروع ہوتی ہیں، ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ کراچی کی عوام جاگ گئی ہے، عوام ظلم اور ناانصافی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی میں ایسا نظام لائیں گے کہ رینجرز کی ضرورت نہیں پڑے گی، سب سے پہلے شہر کی پولیس کو ٹھیک کرکے دکھائیں گے، کیونکہ پولیس کا نظام ٹھیک کرنے سے کراچی میں امن آئے گا، ہم شہر سے پانی مافیا، زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ مافیا کو ختم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس کو غیر سیاسی کر دیں گے، دہشت گردی ختم کرکے دکھائیں گے، شہر کو سب سے پہلے امن چاہیے اور اسے نفرتوں سے پاک کرنا چاہیے، کراچی کو لسانیت اور صوبائیت کی بنیاد پر تقسیم نہیں ہونا چاہیے۔ چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کراچی میں نفرتیں پھیلائی گئیں، شہر میں مہاجر، پنجابی، پٹھان، سندھی اور بلوچ سب کو متحد رہنا ہے، کراچی میں امن ہوگا تو خوشحالی ہوگا، اور یہ روشنیوں کا شہر بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو باہر سے نہیں اندر سے خطرہ ہے، ایم کیو ایم کے اندر سے ہی مائنس ون فارمولا آیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 501115
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش