QR CodeQR Code

وزیراعظم کی طرف سے پاکستان کو لبرل بنانے کی باتیں آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے، لیاقت بلوچ

29 Nov 2015 08:06

اسلام ٹائمز۔ ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد بھارت کی ایماء پر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنمائوں کو پھانسیاں دے رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کا روشن مستقبل اسلام سے وابستہ ہے، پاکستان کو لبرل اور سیکرلر بنانے کا خواب دیکھنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا۔ پاکستانی قوم لادین سیکولر اور لبرل معاشرے کا تصور بھی نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم کی طرف سے پاکستان کو لبرل بنانے کی باتیں آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ موت ایک اٹل حقیقت ہے جس سے کوئی ذی روح چھٹکارہ نہیں پاسکتی۔ دنیا کی زندگی عارضی ہے ہمیں آخرت کی تیاری کیلئے اپنی زندگیوں کو قرآن وسنت کے احکامات کے مطابق گزاریں اور ملک میں اللہ کے قانون کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھوک وینس میں جماعت اسلامی کے کارکن قاسم چن، اسلم چن، اجمل چن کی والدہ کیلئے منعقدہ قرآن خوانی و دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد بھارت کی ایماء پر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنمائوں کو پھانسیاں دے رہی ہے۔ بھٹو، مجیب اور اندرا گاندھی معاہدے کے مطابق تینوں ممالک 1971ء کے واقعات کا مقدمہ نہیں چلا سکتے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو بھارتی جارحیت کی مخالفت اور پاکستان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ پر پاکستان کے وزیرداخلہ اور دفترخارجہ کی طرف سے ردعمل کا اظہار کافی نہیں بلکہ اس سازش کو بے نقاب کرنے کیلئے عالمی سطح پر آواز اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ ورنہ یہ معاملہ چند لیڈرروں تک محدود نہیں رہے گا۔ بھارت اس کو دورتک لے کر جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 501197

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/501197/وزیراعظم-کی-طرف-سے-پاکستان-کو-لبرل-بنانے-باتیں-آئین-خلاف-ورزی-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org