0
Monday 30 Nov 2015 10:25

کوئٹہ کے بعد تفتان میں زائرین کو روکنا شہری حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، علامہ عارف واحدی

کوئٹہ کے بعد تفتان میں زائرین کو روکنا شہری حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ علامہ عارف حسین واحدی مرکزی سیکرٹری شیعہ علماء کونسل نے کہا ہے کہ پہلے تو کوئٹہ میں سیکورٹی کے نام پر بلاجواز ہزاروں زائرین کو ایک ہفتہ تک روکے رکھا جو ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی پریس کانفرنسز و ریلیوں اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد زائرین کوئٹہ سے روانہ ہوئے لیکن تفتان بارڈر پہنچنے پر زائرین کو بلاجواز پاکستان ہاوس میں زبردستی روکے رکھنا شہری حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے تفتان 8 گھنٹے کا سفر ہے لیکن زیادتی یہ ہے کہ کانوائے میں 20 گھنٹے سے زائد لگائے جاتے ہیں، زائرین کوئٹہ سے گذشتہ رات تین بجے کے قریب تفتان بارڈر پہنچے جہاں زائرین کو زبردستی پاکستان ہاؤس میں بٹھایا گیا اور ہر قافلے سے چھ سے دس ہزار روپے جو تقریباً فی زائر 100 روپے کے حساب سے پانچ لاکھ کے قریب بنتے ہیں چارجز وصول کئے گئے۔ رقم لینے کے باوجود پاکستان ہاوس میں زائرین کیلئے نہ تو سونے کی جگہ ہے اور نہ ہی بیٹھنے کی علاوہ ازیں پاکستان ہاوس میں تمام بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ایسا لگتا ہے کہ زائرین کو ایک خصوصی جیل میں بند کر دیا گیا ہو۔

پاکستان ہاؤس کے گیٹ بند ہیں، زائرین کے باہر جانے پر حتیٰ کہ ایف آئی اے کے دفتر تک بھی جانے کی پابندی ہے۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ اپنے ہی ملک میں بیمار مسافر زائرین علاج معالجہ کے لئے مجبور ہیں کہ وہ علاج کیلئے بھی باہر نہیں جاسکتے۔ بچے خواتین مرد سب تکلیف دہ عمل سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تفتان بارڈر پر ایف سی کے ایک صوبیدار رینک افسر کی اجارہ داری ہے جس کا رویہ نہایت ظالمانہ ہے۔ تفتان بارڈر پر زائرین انتہائی کسمپرسی کے عالم میں بے یارومددگار پڑے ہیں اور ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل سفر کے بعد سفری تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ تفتان بارڈر پر ایف سی اہل کاروں کا یہ غیر انسانی سلوک ناقابل برداشت ہے۔ اس کے ازالے کے لئے فوری اور مناسب اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ صدر، وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور دیگر ذمہ داران اگر زائرین کو سفری سہولیات فراہم نہیں کر سکتے تو ان کیلئے مسائل تو نہ پیدا کریں ہمارا مطالبہ ہے کہ زائرین کی آمدورفت سے متعلقہ تمام مسائل کو فوی اورمستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔ اور تفتان بارڈر پر زائرین کے ساتھ ایف سی اہلکاروں کے ناروا سلوک کا نوٹس لیکر ازالہ کرتے ہوئے زائرین کا وقت ضائع کئے بغیر انہیں پاکستان سے روانہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 501487
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش