0
Monday 30 Nov 2015 20:15

بلدیاتی انتخابات، ابتدائی نتائج، پی ٹی آئی 10 نشستوں کیساتھ آگے، نواز لیگ 6 کیساتھ تعاقب میں

بلدیاتی انتخابات، ابتدائی نتائج، پی ٹی آئی 10 نشستوں کیساتھ آگے، نواز لیگ 6 کیساتھ تعاقب میں
اسلام ٹائمز۔ وفاقی دارالحکومت میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی الیکشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد کی 550 نشستوں میں سے 21 نشستوں کے نتائج موصول ہو گئے ہیں۔ جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 10 نشستوں کے ساتھ اس وقت سب سے آگے ہے جبکہ حکمران جماعت نواز لیگ 6 نشستوں کے ساتھ پی ٹی آئی کے تعاقب میں ہے۔ پیپلز پارٹی ایک جبکہ آزاد امیدواروں کے حصے میں تاحال چار نشستیں آئی ہیں۔ اسلام آباد میں انتخاباب کے دوران 300 جنرل کونسلز کی نشستوں سے پانچ امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔ دس یونین کونسلز میں دس اقلیتی امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں 650 نشستوں پر دو ہزار 396 امیدواروں نے حصہ لیا۔ یونین کونسلز چیئرمین کے لئے 255 جنرل نشستوں پر ایک ہزار 210، خواتین کی نشستوں پر 351، کسان اور مزدوروں کی نشستوں پر 248 امیدوار میدان میں ہیں۔ نوجوانوں کی نشستوں پر 230 اور اقلیتی نشستوں پر 102 امیدوار معرکے میں شامل ہیں۔ 112 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج اور پولیس کو تعینات کیا گیا۔ خواتین کے پولنگ سٹیشنز پر ایک ہزار خواتین سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کی گئیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کی وجہ سے پولنگ کا انعقاد انتہائی پرسکون ماحول میں ہوا، تاہم ٹرن آوٹ صرف 30 فیصد رہا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے مختلف پولنگ سٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹرز کو ہرممکن مدد دینے کی کوشش کی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور انتظامات کی نگرانی کیلئے الیکشن کمیشن آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا، جہاں پندرہ سے زائد مختلف شکایات موصول ہوئیں۔
خبر کا کوڈ : 501618
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش