0
Tuesday 1 Dec 2015 17:53

کراچی میں ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، 2 فوجی جوان شہید

کراچی میں ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، 2 فوجی جوان شہید
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار شہید ہوگئے، حملے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق تبت سینٹر کے قریب موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ملٹری پولیس کی جیپ پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ملٹری پولیس کے دونوں اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے، دونوں اہلکاروں کی شناخت راشد اور ارشد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق حوالدار ارشد موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے، جبکہ لانس نائیک ارشد نے سول اسپتال میں دوران علاج دم توڑا، دونوں اہلکاروں کے سروں میں گولیاں ماری گئیں۔ بعد ازاں دونوں شہیداء کے جسد خاکی پی این ایس الشفا منتقل کر دیئے گئے ہیں۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم گولیوں کے خول بھی اکٹھے کر لئے گئے، جبکہ ملحقہ علاقوں میں دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ جائے وقوعہ سے مشکوک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ واقعہ پر وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم دہشت گرد ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دونوں زخمی اہلکار زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت راشد اور ارشد کے نام سے ہوئی ہے، حوالدار ارشد کا تعلق کراچی اور لانس نائیک راشد کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ سے تھا۔ دوسری جانب دہشت گردی کی کارروائی کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی، اور تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول برآمد کرلئے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے گل پلازہ کے قریب کھڑی ملٹری پولیس کی گاڑی کو پیچھے سے نشانہ بنایا، جبکہ جائے وقوعہ سے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 501894
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش