0
Thursday 3 Dec 2015 10:27

پاکستان بھر میں چہلم امام حسین علیہ السلام آج روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

پاکستان بھر میں چہلم امام حسین علیہ السلام آج روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
اسلام ٹائمز۔ شہدائے کربلا کا چہلم آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر سیکورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر آج ملک بھر میں جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ امن و امان کے لئے کیے گئے اقدامات کے تحت سندھ، پشاور اور کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔ جلوسوں کے راستوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ حکومت سندھ نے چہلم کے موقع پر صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی آج رات 12بجے تک پابندی رہے گی۔ بزرگ، بچے، خواتین، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔

راولپنڈی میں امام حسین علیہ السلام کے چہلم کا جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہو گا۔ جلوس کے راستوں کو خاردار تاریں اور کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس، ایلیٹ فورس اور رینجرز کے 5 ہزار سے زائد اہلکار جلوس کی سیکورٹی پر مامور ہوں گے۔

پشاور میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے جبکہ کریکرز کی فروخت اور استعمال اور افغان مہاجرین کے شہر میں داخلے پر بھی پابندی رہے گی۔

لاہور میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کا جلوس اندرون دہلی گیٹ حویلی الف شاہ سے برآمد ہوکر کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کے روٹ کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس میں داخل ہونے والوں کی مکمل چیکنگ کی جائے گی اور انہیں واک تھرو گیٹس سے گزارا جائے گا۔

ادھر سیکرٹری داخلہ بلوچستان کیپٹن(ر) اکبر حسین درانی کے مطابق چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر کوئٹہ سمیت 7 اضلاع میں دفعہ 144نافذ رہے گی، کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔
خبر کا کوڈ : 502232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش