0
Thursday 3 Dec 2015 18:47

پاکستان کے عوام کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشیں عروج پر ہیں، لیاقت بلوچ

پاکستان کے عوام کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشیں عروج پر ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے شیخوپورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے طلبہ اور اساتذہ کے اعزاز میں ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب اور لاہور میں معذور بچوں کے عالمی کے موقع پر غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اور اساتذہ قومی ترقی کے لیے اہم ترین بنیاد ہیں۔ معذور بچے حق دار ہیں کہ ریاستی نظام اور معاشرہ ان کی دلجوئی کرے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان مثالی اسلامی فلاحی ریاست ہونی چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے اسے قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا کیا ہے لیکن یہاں تعلیم، صحت، انصاف کی سہولتیں میسر نہیں اور عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ آج طالبعلم، مزدور، کسان، ڈرائیور، چپڑاسی، کلرک کی زندگی میں خوشیاں نہیں پریشانیوں و محرومیوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ رشوت، سفارش اور کرپشن قومی وجود کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشیں عروج پر ہیں۔ بیرونی اور حکومتی دبائو کے ساتھ ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے کہ عدلیہ غیر اسلامی فیصلے کرے، قانون ساز ادارے غیر شرعی قوانین منظور کریں، حکمران اسلام سے متصادم احکام معاشرے میں نافذ کریں، اسلامی تہذیب اور اخلاق کی جڑ کاٹ کر لبرل و سیکولرازم کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ المیہ ہے کہ برائی منظم اور متحرک ہے جبکہ اچھائی منتشر اور بے حسی کا شکار ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ طلبہ اور نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں۔ نوجوانوں کو ہی کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ علم، اخلاق، اساتذہ کے احترام اور ظلم و جبر کے مقابلہ میں حق و انصاف سے کام لینا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 502351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش