0
Thursday 3 Dec 2015 21:22

داعش و دیگر دہشتگرد عناصر امریکی ایماء پر عزاداری سید الشہداءؑ پر حملہ آور ہیں، آئی ایس او کراچی

داعش و دیگر دہشتگرد عناصر امریکی ایماء پر عزاداری سید الشہداءؑ پر حملہ آور ہیں، آئی ایس او کراچی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کے رہنما علی حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت عالم اسلام داعش و دیگر دہشتگرد عناصر امریکی و اسرائیلی ایماء پر عزاداری سید الشہداء امام حسینؑ کو رکوانے کیلئے دہشتگردی اور بربریت پھیلا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکزی جلوس چہلم امام حسینؑ کے دوران باجماعت نماز ظہرین کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چہلم امام حسینؑ کے مرکزی جلوس عزا میں آئی ایس او کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام عزاداران شہدائے کربلا کیلئے باجماعت نماز ظہرین کا اہتمام ایم اے جناح روڈ پر مسجد و امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے کیا گیا، جس میں ہزاروں عزاداران سید الشہداء نے حجتہ السلام و المسلمین علامہ رضی حیدر کی اقتداد میں باجماعت نماز ظہرین ادا کی، نمازیوں کی سہولت کیلئے عارضی وضو خانے کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ شرکائے نماز نے پاکستان، شام، عراق، فلسطین، لبنان، یمن، بحرین سمیت عالم اسلام میں جاری دہشتگردی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شیطان بزرگ امریکا اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل کے پرچم نظر آتش کئے، اور انکے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

شرکائے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے رہنما علی حیدر نے کہا کہ یہ لوگوں کے دلوں میں عشق امام حسین ؑ کی چمک ہی ہے کہ جس کی بناء پر آج دنیا بھر میں کروڑوں مسلمان سڑکوں پر موجود ہیں، ذکر شہدائے کربلا کو دشمن صدیوں سے مٹانا چاہتا ہے، لیکن یہ ذکر آج بھی حق شناس لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے، آج بھی عاشقان امام حسینؑ ہی ظالم قوتوں کے سامنے سب سے بڑی قوت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، عراق، شام، لبنان، یمن، بحرین، فلسطین سمیت عالم اسلام میں داعش، القاعدہ، طالبان سمیت دیگر دہشتگرد عناصر اپنے آقا شیطان بزرگ امریکا اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل کی خوشنودی کی خاطر ذکر نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؑ کو رکوانا چاہتے ہیں، اور اسلام کا لبادہ اوڑھ کر مسلمانوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ امامیہ رہنماؑ نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائے۔

مرکزی جلوس عزا کے دوران سیکورٹی اداروں کی معاونت کیلئے امامیہ اسکاوٹس کے ایک ہزار سے زائد رضا کار بھی نماز و جلوس عزاء کی سیکورٹی کے فرائض انجام دیتے رہے۔ جلوس میں آئی ایس او شعبہ تعلیم کی جانب سے طلباء و طالبات کیلئے شہر کی مختلف جامعات میں ہونے والے داخلوں کی معلومات فراہم کرنے کے لئے کیمپ بھی لگایا گیا تھا، جبکہ جلوس عزا کے دوران امامیہ بلڈ ٹرانسفیوژن اینڈ میڈیکل سروسز کی جانب سے نمائش چورنگی اور امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا بھی لگایا گیا تھا، جن میں عزاداران سید الشہداءؑ نے بڑی تعداد میں خون کے عطیات جمع کروائے۔
خبر کا کوڈ : 502400
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش