0
Sunday 6 Dec 2015 00:23

ہر کرپٹ شخص مساجد کی پناہ میں چلا جاتا ہے، ڈپٹی سپیکر گلگت

ہر کرپٹ شخص مساجد کی پناہ میں چلا جاتا ہے، ڈپٹی سپیکر گلگت
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز کونسل و رہنماء پاکستان مسلم لیگ نون جعفراللہ خان نے کہا ہے کہ فرقہ واریت کی وجہ سے معاشرے میں کرپشن کو فروغ ملا ہے۔ ہر کرپٹ شخص مسجدوں کی پناہ میں چلا جاتا ہے اور کہتا ہے کہ فلاں آفیسر سنی ہے اور ہم شیعہ ہیں اس لئے ہمارے اوپر ظلم کرتا ہے۔ فلاں آفیسر شیعہ ہے اور ہم سنی ہیں اس لئے وہ ہمارے ساتھ ظلم کرتا ہے۔ شیعہ سنی کی بنیاد پر سارے کرپٹ افراد مسجدوں میں پناہ لیتے ہیں اور مسجدوں والے ان کرپٹ افراد کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پڑھے لکھے افراد اور علماء مجھے ایسے ایسے میسجز کرتے ہیں کہ آپ سنی ہیں آپ نے صرف سنی افراد کو بھرتی کیوں نہیں کرایا، آئندہ آپ ہمارے پاس نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میسجز پڑھ کر مجھے انتہائی افسوس اور ذہنی تکلیف ہوتی ہے۔ ایسے علماء کو سوچنا چاہیے کہ یہ کام غلط ہے، اسی فرقہ وارنہ سوچ کی وجہ سے ہمارا معاشرہ تباہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد میں ایک سیکرٹری کے پاس گیا اور ان سے کہا کہ ہم کرپشن کو ختم کرنے کا وعدہ کرکے آئے ہیں جس پر سیکرٹری نے مجھے کہا کہ ہم کرپشن اور چوری کو ماں کے دودھ سے زیادہ حلال سمجھتے ہیں۔ سیکرٹری نے یہ بھی کہا کہ جب بچے کو ماں کا دودھ چھڑایا جاتا ہے تو وہ روتا ہے، چلاتا ہے اور چیختا ہے، حتیٰ کہ وہ بچہ کئی روز تک کھانا بھی نہیں کھاتا ہے۔ اگر آپ نے کرپشن کو روکا تو ہمارا حال بھی بچے کی طرح کا ہوگا۔ اس سیکرٹری نے یہ بھی کہا کہ کہ زرداری کرپشن کے ذریعے صدر پاکستان بنا ہے تو میں کرپشن کے ذریعے کم از کم گلگت بلتستان کا گورنر تو بن سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک کرپٹ شخص کو بری نظروں سے دیکھا جاتا تھا اور لوگ کہتے تھے کہ فلاں شخص نے یہ مکان کرپشن کے پیسوں سے بنایا ہے لیکن اب صورتحال الٹ ہوچکی ہے۔ لوگ سب سے بڑے کرپٹ شخص کی زیادہ عزت کرتے ہیں اور دیکھا دیکھی سب کے سب کرپٹ بن چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 502849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش