0
Sunday 6 Dec 2015 10:04

بلدیاتی انتخابات، کراچی میں ایم کیو ایم اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی جیت

بلدیاتی انتخابات، کراچی میں ایم کیو ایم اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی جیت
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ نے بلدیاتی انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کر کے ایک بار پھر برتری ثابت کر دی، عوام کی اکثریت نے دوبارہ ایم کیو ایم پر اعتماد کا اظہار کیا جب کہ پنجاب میں غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 12 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں (ن) لیگ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے شہری علاقوں کی 207 یونین کمیٹیز میں سے ایم کیو ایم نے 138یونین کمیٹیز میں فتح حاصل کر لی ہے. دیہی علاقوں کے بلدیاتی نظام ڈسٹرکٹ کونسل کراچی میں پیپلز پارٹی کے 9 ممبر ڈسٹرکٹ کونسل منتخب، ضلعی چیئرمین پیپلز پارٹی کا متوقع ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں دیگر جماعتوں کے بڑے بت پاش پاش ہو گئے، کراچی کی میئرشپ کی دوڑ میں شامل جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم، تحریک انصاف کراچی کے آرگنائزر علی زیدی شکست کھا گئے۔ غیرسرکاری نتائج کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں پیپلز پارٹی نے 13 یونین کمیٹیز کے چیئرمین، وائس چیئرمین، مسلم لیگ (ن) 8،  تحریک انصاف 7، جماعت اسلامی 6، آزاد امیدوار 10، جمعیت علمائے اسلام نے 2 نشستیں حاصل کیں۔

انتخابات میں ایم کیو ایم نے کلین سوئپ کرتے ہوئے اپنے ماضی کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔ ایم کیو ایم کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق شہر کی 207 یونین کمیٹیز میں سے 138 یونین کمیٹیز کے چیئرمین و وائس چیئرمین نشستیں جیت لی ہیں۔ ایم کیو ایم وارڈز کونسلرز بھی بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے ہیں۔ چیئرمین و وائس چیئرمین کی نشستوں کیلیے ضلع وسطی میں 51 یونین کمیٹیز میں سے ایم کیو ایم نے 50یوسیز پر کامیابی حاصل کی، ضلع شرقی کی 19 یونین کمیٹیز میں فتح حاصل کی، ضلع کورنگی میں 33 یونین کمیٹیز، ضلع غربی میں 21، ضلع ملیر کی شہری حدود میں 5 یونین کمیٹز اور ضلع جنوبی میں 10یونین کمیٹیز میں فتح حاصل کی۔ شہری علاقوں کی حدود میں ہونے والے انتخابات میں چیئرمین نشستوں پر ایم کیو ایم کے ریحان ہاشمی، ڈاکٹر ارشد وہرہ، وسیم اختر، ناصر عباس، شاہد خان، عدنان خان، بشیر احمد، نوشاد خان، فضل حسین و دیگر کامیاب ہوئے۔
 
پیپلزپارٹی کو اپنے سیاسی گڑھ لیاری میں کئی نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم مجموعی طور پر 13 یونین کمیٹیز میں چیئرمین و وائس چیئرمین کا پینل کامیاب ہو گیا جن میں نور خان برفت، ، بلوچ خان گبول، حاجی غفور، فیصل احمد، حاجی الطاف، فرحان غنی شامل ہیں۔

تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی، شاہنواز جدون، شجاعت علی خان، افسر خان خٹک، جماعت اسلامی کے محمد حنیف، غلام حسین و دیگر، مسلم لیگ(ن) کے ملک فضل الہی، سالار خان و دیگر جیت گئے ہیں۔ ضلع جنوبی کے لیاری زون کی یونین کمیٹی 16 سے آزاد امیدوار فہیم بلوچ چیئرمین اور علی نواز وائس چیئرمین نشست پر کامیاب ہوئے۔ آزاد امیدوار دیگر نشستوں پر بھی کامیاب ہوئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ کونسل کراچی سے رات گئے آنے والے غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے 9 ممبر ڈسٹرکٹ کونسل منتخب ہوئے ہیں جن میں رفیق دائود جت جو پیپلزپارٹی کی جانب سے متوقع ضلعی کونسل کے چیئرمین ہیں۔ دیگر پی پی پی کے ممبر ڈسٹرکٹ کونسل میں میر عباس تالپور، اختر حسین عارفانی، نذیر بھٹو، تابش اصغر وغیرہ شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ کونسل کراچی سے پیپلزپارٹی کے 5 ممبر چیئرمین و وائس چیئرمین کی نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔ بلدیاتی الیکشن میں ووٹر ٹرن آئوٹ 30 سے 40 فیصد رہا۔

دوسری جانب پنجاب سے بھی نتائج کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق 12 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں (ن) لیگ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق 12 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے اب تک 829 نشستیں حاصل کر لی ہیں. دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار ہیں جو اب تک 825 نشستیں جیت چکے ہیں۔ تحریک انصاف 201، پیپلز پارٹی117 اور جماعت اسلامی نے صرف تین نشستیں جیتی ہے۔ راولپنڈی میں یوسی 40 سے شیخ رشید کے بھتیجے راشدشفیق کامیاب ہوئے۔ یوسی ایک سے مسلم لیگ (ن) کے عمرمشتاق اور یوسی 12 سے بھی مسلم لیگ (ن) کے راجا ارشد جبکہ یو سی 55 سے بھی (ن) لیگ کے راجا ساجد سرور کامیاب ہوئے۔ یوسی 18 میں بھی (ن) لیگ کے عابد حسین عباسی نے میدان مارا۔ جھنگ میں بھی شیر کو کامیابی ملی ہے، لیگی ایم این اے شیخ اکرم کے تینوں بیٹے کونسلر بن گئے ہیں۔

میونسپل کمیٹی لیہ کے 20 وارڈز میں سے 12 آزاد امیدوار، (ن) لیگ 7 اور تحریک انصاف ایک نشست حاصل کر سکی۔ میونسپل کمیٹی احمد پور سیال جھنگ کے 12 وارڈز میں (ن) لیگ 9 اور آزاد امیدواروں نے 3نشستیں حاصل کیں۔ میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے 13 وارڈز میں (ن) لیگ 8، آزاد امیدواروں نے 5 نشستیں حاصل کیں۔

میونسپل کمیٹی نارووال کے تمام 25 وارڈز سے آزاد 13، (ن) لیگ 11، تحریک انصاف نے ایک نشست حاصل کی۔ جتوئی میونسپل کمیٹی کی وارڈ 12 سے (ن) لیگ کے ایم پی اے خان محمدجتوئی کی بیوی رضیہ جہانگیر کامیاب ہو گئی۔ ملتان میونسپل کارپوریشن کی یوسی32 سے ایم این اے ملک عامر ڈوگر کے بھائی عدنان ڈوگر کامیاب ہوئے۔ لیہ کی میونسپل کمیٹی چوبارہ کی وارڈ 8 سے سابق وزیر احمدعلی اولکھ کے صاحبزادے عثمان اولکھ کامیاب ہوئے۔ عثمان اولکھ نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پرحصہ لینے والے اپنے سسر افتحاراحمد کو ہرایا۔
خبر کا کوڈ : 502898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش