QR CodeQR Code

عبرتناک شکست کے بعد جماعت اسلامی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلے، معصوم نقوی

6 Dec 2015 21:04

اسلام ٹائمز: جے یو پی نیازی گروپ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم پر جماعت اسلامی کو جنرل پرویزمشرف کی آشیر باد سے کچھ سیٹیں مل گئی تھیں، مگر قاضی حسین احمد مرحوم کے بعد سید منور حسن کی پالیسیوں نے جماعت اسلامی کو منصورہ کے قابل بھی نہیں چھوڑا، جماعت اب سیاست چھوڑ کر مذہبی امور پر ہی توجہ دے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ معصوم نقوی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو انتخابات میں بار بار کی عبرتناک ناکامی کے بعد اب سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لینی چاہیے، اب تو انہیں درباروں کے سجادہ نشین بھی یاد آگئے ہیں اور ملک بھر سے کنونشن منعقد کرنا چاہتے ہیں۔ لاہور میں جمعیت سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی، کراچی میں میڈیا کے تعاون کے باوجود ایم کیو ایم کے حصار کو ختم نہیں کروا سکے، انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے حتیٰ کہ عمران خان نے شرمندگی کے باعث فتح کے جشن منانے کیلئے کراچی جانے کا ارادہ ملتوی کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلندبانگ دعوے کرنیوالی جماعت اسلامی کو باربار شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور حالت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے انتخابی نشان پر جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کے صاحبزادگان منتخب ہوئے، جماعت اسلامی کے نام پر عوام نے انہیں گھاس نہیں ڈالی، انہیں اب سیاست چھوڑ کر اسلامی امور کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم پر جماعت اسلامی کو جنرل پرویزمشرف کی آشیر باد سے کچھ سیٹیں مل گئی تھیں، مگر قاضی حسین احمد مرحوم کے بعد سید منور حسن کی پالیسیوں نے جماعت اسلامی کو منصورہ کے قابل بھی نہیں چھوڑا۔


خبر کا کوڈ: 503087

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/503087/عبرتناک-شکست-کے-بعد-جماعت-اسلامی-سیاست-سے-کنارہ-کشی-اختیار-کرلے-معصوم-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org