0
Monday 7 Dec 2015 13:33

پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا، وزیراعظم نواز شریف

پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا، وزیراعظم نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے، جبکہ اندرونی اور بیرونی خطرات کے باوجود پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔ بلوچستان کے علاقے سونمیانی میں پاک فضائیہ کی جنگی مشقوں کا معائنہ کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں، جس کی مہارت پر مکمل اعتماد ہے، ایم ایم عالم اور رفیقی جیسے پائلٹس نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، ملک غیر روایتی جنگ سے دوچار ہے اور غیر روایتی جنگ سے نمٹنے کیلئے غیر روایتی حکمت عملی اپنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، اور پاک آرمی کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے مراکز کو تباہ کیا گیا، جبکہ پاک فضائیہ اور فوج ہمہ وقت ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پاک فضائیہ ہمہ وقت تیار ہے، جے ایف 17 تھنڈر طیارے پہلی بار مشقوں میں شامل کئے گئے ہیں، جنہیں دور حاضر کے مطابق جدید ہتھیاروں سے لیس کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف کے کراچی پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد وزیراعظم پاک فضائیہ کی دفاعی مشقوں کا معائنہ کرنے سونمیانی پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ وزیر دفاع خواجہ آصف اور دیگر بھی تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف گورنر ہاؤس میں کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس میں سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، جبکہ غالب امکان ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ وزیراعظم کے سامنے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے درکار 20 ارب روپے کے پیکج کا مطالبہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 503202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش