0
Monday 7 Dec 2015 19:11

حکومت کراچی آپریشن اور قیامِ امن پر کوئی سمجھوتا نہیں کریگی، وزیراعظم نواز شریف

حکومت کراچی آپریشن اور قیامِ امن پر کوئی سمجھوتا نہیں کریگی، وزیراعظم نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن کیلئے پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں، تاہم حکومت شہر قائد میں آپریشن اور امن و امان پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس کراچی میں امن و امان سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز سندھ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن سات 8 سال قبل شروع ہو جانا چاہیئے تھے، لیکن خراب حالات کے باوجود کسی نے کراچی پر کوئی توجہ نہیں دی، لیکن موجودہ حکومت نے کراچی آپریشن کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا، جس میں تمام فریق شریک ہوئے اور اب شہر کے عوام جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی معاشرہ بھتہ خوری اور دہشت گردی کو برداشت نہیں کرتا، اس لئے جرائم کے خاتمے کیلئے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ جن ممالک کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات ہیں، وہ کہا کرتے تھے کہ ہم کراچی آنے کیلئے تیار نہیں، آپ دبئی آکر ملیں، اور دبئی میں تجارتی معاہدے ہوتے تھے، لیکن اب بیرون ملک ملاقات کیلئے بلانے والے سرمایہ کار کراچی آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں اپنے اہداف کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ اب تک کیا اہداف حاصل کرلئے گئے ہیں، اور کن اہداف کو مزید حاصل کرنا ہے، جبکہ شہر میں دوبارہ سے تشدد شروع نہ ہو جائے، اس پر بھی کڑی نظر ہے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، جبکہ صوبے میں انسداد دہشت گردی کی 30 عدالتیں بھی بنائی جا رہی ہیں، تاکہ گرفتار ملزمان کی جزا و سزا کا عمل تیز کیا جا سکے۔ اس موقع پر آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملٹری پولیس اور رینجرز پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 503319
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش